شرجیل خان کو پلیئنگ الیون میں شامل ہونا چاہیے، وقار یونس

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 26 مارچ 2014
بنگلہ کنڈیشنز میں کارآمد ثابت ہونگے، شعیب کا انتخاب ناقابل فہم ہے، سابق کوچ۔ فوٹو: آن لائن/فائل

بنگلہ کنڈیشنز میں کارآمد ثابت ہونگے، شعیب کا انتخاب ناقابل فہم ہے، سابق کوچ۔ فوٹو: آن لائن/فائل

لاہور: وقار یونس نے شرجیل خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا مشورہ دیدیا، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ نوجوان اوپنر بنگلہ دیش کی  کنڈیشنز پر بڑے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں لیکن ان کی صلاحیتوں کو ضائع کیا جارہا ہے، شعیب ملک کا انتخاب سمجھ سے بالاتر ہے۔

ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہا ہے کہ ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کے باقی میچز میں شرجیل خان کو ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے، نوجوان اوپنر باصلاحیت اور بنگلہ دیش  کی کنڈیشنز میں بڑے کار آمد ثابت ہوسکتے ہیں لیکن ان کے ٹیلنٹ کو ضائع کیا جارہا ہے، دوسری طرف شعیب ملک آسٹریلیاکے خلاف میچ کے دوران  فیلڈنگ میں بھی توقعات پر پورا نہ اتر سکے،آل رائونڈر کا ٹیم میں کردار اور وجہ انتخاب سمجھنے سے قاصر ہوں۔سابق کپتان نے آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی کیلیے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلیوں کا مشورہ بھی دیدیا۔

ان کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے کینگروز کے خلاف ایک پختہ کار بیٹسمین کا کردار ادا  کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا ٹوٹل جوڑنے میں مدد دی، انہیں مزید اعتماد دیتے ہوئے صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے، اس مقصد کیلیے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی بھی کرنا پڑے تو درست فیصلہ ہوگا، وقار یونس نے ذوالفقار بابر کو ایک اہم ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر کی وکٹیں ایک ہی اوور میں گرانے کے بعد بھی اچھی بولنگ کی،شاہد آفریدی، سعید اجمل نے بھی صورتحال کے پیش نظر ایسی لائن اور لینتھ اختیار کی کہ اننگز کے 10اوورز میں خطرناک عزائم ظاہر کرنے  والے کینگروز کیلیے مشکلات پیدا ہوئیں  اور بازی پاکستان کے حق میں پلٹ گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔