بیوی کی خودکشی، سفاک شوہر روکنے کے بجائے ویڈیو بناتا رہا

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اکتوبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

کانپور: بھارت میں سفاک شوہر نے بیوی کو خودکشی کرنے سے روکنے کے بجائے اس سارے منظر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کانپور سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ خاتون سوبیتا نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی اور اس دوران متوفیہ کا شوہر سنجیو روکنے کے بجائے موبائل میں ویڈیو بناتا رہا اور پھر اسے انٹرنیٹ پر شیئر کردیا۔

ویڈیو ریکارڈنگ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سوبیتا جب پنکھے میں پھندا ڈال کر لٹکنے کی کوشش کررہی تھی تو سنجیو اُس کی ویڈیو بناتا رہا اور پھر خودکشی کے بعد ویڈیو لڑکی کے والدین کو بھیج دی۔

سوبیتا کے والدین نے پولیس کو اس حوالے سے آگاہ کیا اور پھر اہلکاروں کے ساتھ گھر پہنچے تو لڑکی پنکھے سے جھول رہی تھی جس کو اتارا گیا تو وہ مردہ تھی۔

متوفیہ کے والد نے کہا کہ جب ہم بیٹی کو لے کر اسپتال پہنچے تو ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔ داماد نے بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے خود لٹکی، میں نے ویڈیو اس لیے بنائی کہ مجھ پر قتل کا الزام نہ لگایا جائے۔

متوفیہ کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ سوبیتا کے ساتھ بدھ کو معمولی جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد اُس نے خودکشی کا فیصلہ کیا اور پھر سارے کام خود ہی کیے، میرے گھر والے بھی اس حوالے سے لاعلم تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔