والدین اپنے بچوں اور فیملیز کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں، وزیراطلاعات

خالد محمود  جمعرات 27 اکتوبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں اور فیملیز کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں۔

عمران خان کے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام والدین اپنے بچوں، بچیوں اور فیملیز کوکل خونی مارچ سے محفوظ رکھیں کیونکہ ان کے مذموم مقاصد کچھ اور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈد فتنے نے مان لیا کہ انہوں نے آرمی چیف کو غیرمعینہ مدت کے لئے توسیع کی پیشکش کی تھی، عمران خان کے ساتھ وہی سلوک ہورہا ہے جس کا وہ مستحق ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ نے کرپشن نہیں کی، چار سال ڈاکے ڈالے، الحمد اللہ! ملک تباہی کی طرف جانے سے چھ ماہ پہلے بچ گیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کو کہا تھا کہ اگر وہ آپ کو توسیع دے رہے ہیں تو میں بھی دے دیتا ہوں، عمران خان

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فارن فنڈڈ فتنہ فوج کے امیج کو بہتر نہیں صرف فوج میں بغاوت اور شہدا کے خلاف مہم چلا سکتا ہے، پاکستان تحریکِ انصاف کو صرف فارن فنڈد فتنہ نے ختم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ جرائم پیشہ تھے تو عمران خان چار سال حکومت میں رہتے ہوئے ثابت کردیتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جاسوسی کی اجازت آپ نے خود دی ہوئی تھی، عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی اپنے قریب ترین لوگوں سے آنکھیں بدل لیں، آپ کو آزاد میڈیا سے نہیں بلکہ اپنے اندر کے فتنے کا خوف تھا۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ الیکشن آئینی مدت پوری ہونے پر اگلے سال ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔