خراب موسم نے طیارے کی تلاش روک دی، مسافروں کے لواحقین کو فی کس5 ہزار ڈالر دینے کا اعلان

نیوز ایجنسیاں / مانیٹرنگ ڈیسک  بدھ 26 مارچ 2014
بیجنگ :لاپتہ ملائیشین طیارے میں مرنے والے مسافروں کے لواحقین غمزدہ ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

بیجنگ :لاپتہ ملائیشین طیارے میں مرنے والے مسافروں کے لواحقین غمزدہ ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

کوالالمپور / کینبرا / واشنگٹن: ملائیشیاکے لاپتہ طیارے کی تلاش بین الاقوامی سطح پرابھی ختم نہیں ہوئی لیکن ملائیشیانے طیارہ تباہ ہونے کااعلان کردیا۔

ایئرلائنزحکام نے بدقسمت پروازایم ایچ370 کے متاثرہ خاندانوں کو 5ہزار ڈالرفی کس دینے کی پیش کش کی ہے۔ ایئرلائن حکام نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس بنیادپر جہازکے سمندرمیں گرکر تباہ ہونے کی بات کررہے ہیں جبکہ جہازکا ملبہ ملانہ بلیک باکس نہ کوئی اورنشانی۔ چین وآسٹریلیا کی طرف سے سیٹلائٹ پرجن مقامات کی نشاندہی ہوئی وہاںبھی ابھی تک کسی کی رسائی نہیں ہوسکی۔ یہی وجہ ہے کہ لواحقین کاغم بڑھ گیااور انھوں نے ملائیشین حکومت کافیصلہ ماننے سے انکار کردیا۔ لواحقین نے طیارے کے گرکر تباہ ہونے سے متعلق ثبوت اورچین نے سیٹلائٹ ڈیٹا مانگ لیاہے۔ ملائیشیاایئرلائنز کے سی ای اونے پریس بریفنگ میں مسافروں کے اہلخانہ سے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم ایچ 370 کے ساتھ کیاہوا، قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتے لیکن ابھی تحقیقات جاری ہے۔ انھوں نے مسافروں کے لواحقین کو 5 ہزار ڈالرفی کس دینے کی پیش کش بھی کی۔ کچھ روزقبل ملائیشین طیارے کی انشورنس کمپنی نے بھی انشورنس کی رقم ادا کردی تھی۔

آسٹریلیانے بحرہند میں گرکر تباہ ہونے والے ملائیشین طیارے کے ملبے کی تلاش کاکام خراب موسم کی وجہ سے ایک بارپھر روک دیاہے۔ مسافروں کے رشتے داروںکا کہناتھا کہ ان سے حقائق چھپائے جارہے ہیں۔ مسافروں کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی موت کاذمے دارملائیشیا کی حکومت اورفضائی کمپنی کوقرار دیا۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں لواحقین نے ملائیشیاکے سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیاہے۔ اس موقع پرپولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ آسٹریلوی حکام نے کہاکہ طیارے سے متعلق ملبہ یاکوئی شے دریافت نہیں ہوئی جس سے طیارے کی شناخت ہو۔ آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے بد قسمت ملائیشین طیارے کے مسافروں کے لواحقین کوآسٹریلیا آنے کی دعوت دے دی۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ وہ ان غمزدہ افرادکو اس علاقے میں لے جائیں گے جہاں ان کے پیاروں کی باقیات کی تلاش جاری ہے۔ امریکا نے ملائیشین لاپتہ طیارے کاملبہ تلاش کرنے کے لیے بحری ڈرون بھیجنے کااعلان کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔