ایران سے جرمنی آنے والی پرواز کے پہیوں سے لاش برآمد

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2022
مردہ مسافر کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، فوٹو: فائل

مردہ مسافر کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، فوٹو: فائل

فرینکفرٹ: ایران سے فرینکفرٹ آنے والی لفتھانزا ایئرلائن کے طیارے کے پہیوں سے ایک لاش ملی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران سے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والی لفتھانزا ایئرلائن کی پرواز ایل ایچ- 601 سے مسافروں کے اترنے کے بعد طیارے کو ہینگر میں منتقل کیا گیا۔

ایئرپورٹ کا عملہ طیارہ کو اگلی پرواز کے لیے تیار کرنے کے لیے معمول کی مرمت اور صفائی کا کام کررہا تھا کہ اس دوران نچلے حصے سے جہاں پہیے بند ہوتے ہیں ایک شخص کی لاش ملی۔

لاش ملنے کے بعد طیارے کی اگلی پرواز کو منسوخ کردیا گیا اور لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔ تاحال مردہ شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔ جرمنی کی پولیس اور ایئرلائن کمپنی نے واقعے پر کسی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مسافر نے غیر قانونی طور پر جرمنی آنے کے لیے کسی طرح طیارے تک رسائی حاصل کی اور موقع ملتے ہی نچلے حصے میں چھپ گیا تاہم ممکنہ طور پر ہوائی دباؤ اور دم گھٹنے کے باعث موت واقع ہوگئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔