مارک زکر برگ کے اثاثوں میں 100 ارب ڈالرز سے زائد کی کمی

ویب ڈیسک  جمعـء 28 اکتوبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

کیلیفورنیا: فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے کُل اثاثوں میں رواں برس 100 ارب ڈالرز سے زائد کی کمی ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز مارک زکر برگ کے اثاثے ایک دم 11 ارب ڈالرز کم ہونے کے بعد 36 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے۔ گزشتہ روز کمپنی کی جانب سے سہ ماہی آمدنی کی تشویش ناک رپورٹ جاری کی گئی جس کے بعد کمپنی کے شیئرز کی قیمت تیزی سے نیچے آئی۔

اعداد و شمار کی ایک ویب سائٹ وہیل وِزڈم ک مطابق جمعرات کو میٹا کے شیئرز کی قیمتوں میں 24 فی صد، تقریبا 271 ارب ڈالرز، تک کمی واقع ہوئی۔

مارک زکر برگ 36 کروڑ 7 لاکھ کے قریب میٹا کے شیئرز کے مالک ہیں جو شیئرز کی کل تعداد کا 13.5 فی صد ہے۔

بدھ کے روز میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی توقعات کے مطابق آمدنی نہیں کر سکی ہے۔

واضح رہے کمپنی کو ٹِک ٹاک جیسے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کڑے مقابلے کے ساتھ میٹا ورس میں سرمایہ کاری پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

کووڈ کی عالمی وباء کے دوران میٹا کے شیئرز کی قیمت بلندیوں پر تھی اور 7 ستمبر 2021 کو شیئرز کی قیمت اپنی بلند ترین سطح پر پہنچی۔ اس کے بعد سے اب تک میٹا کے شیئرز مارکیٹ میں 74 فی صد تک قدر کھو چکے ہیں اور زکر برگ کی دولت میں 75 فی صد کمی واقع ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔