پاکستان انتہاپسندوں وجاگیرداروں کے تسلط میں جکڑاہے، خالد مقبول

ایکسپریس ڈیسک  بدھ 26 مارچ 2014
لندن میں ایم کیوایم کے یوم تاسیس کااجتماع،خالدسلطان،ڈاکٹرسلیم دانش ودیگرکاخطاب فوٹو: ایکسپریس/فائل

لندن میں ایم کیوایم کے یوم تاسیس کااجتماع،خالدسلطان،ڈاکٹرسلیم دانش ودیگرکاخطاب فوٹو: ایکسپریس/فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہاہے کہ آج کاپاکستان قائداعظم محمدعلی جناح اورعلامہ اقبال کے وژن کا پاکستان نہیں بلکہ یہ مذہبی انتہاپسندوں،جاگیرداروں اور مراعات یافتہ طبقہ کی ز نجیروں میں جکڑاہواپاکستان ہے۔

پاکستان کوحقیقی معنوں میں ان زنجیروں سے آزادکراناہے اور پاکستان کوبچاناہے توپوری قوم کوالطاف حسین کی قیادت میں متحد ہوناہوگااسی صورت میں ہم اپنے خوابوں کی منزل پرپہنچ سکتے ہیں۔یہ بات انھوں نے ایم کیوایم یوکے کے زیر اہتمام لندن میں ایم کیوایم کے30ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس میں لندن، برمنگھم، مانچسٹر، بریڈ فورڈ، شیفلڈ اور دیگرشہروں میں مقیم ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدرد پاکستانیوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔اجتماع میں پاکستان سے آئے ہوئے رابطہ کمیٹی کے ارکان عبد الحسیب، خالد سلطان اور رابطہ کمیٹی لندن کے ارکان طارق جاوید، مصطفیٰ عزیزآبادی بھی شریک تھے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حاظرین کو یوم پاکستان اورایم کیوایم کے یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی اورکہاکہ ہمارے بزرگوں نے23مارچ 1940کوقیام پاکستان کی بنیادرکھی،پاکستان تواس کے 7 سال کے اندرحاصل کرلیاگیالیکن قیام پاکستان کے مقاصد آج تک حاصل نہیں ہوئے۔رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب نے کہاکہ الطاف حسین صرف مہاجروں کی نہیں بلکہ تمام محروموں اورمظلوموں کی آوازہیں۔رابطہ کمیٹی کے رکن خالد سلطان نے کہاکہ23مارچ اور18مارچ دونوں تاریخیں ہمارے بزرگوں کے خون سے لکھی گئی ہیں،ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنانے کیلیے جولازوال قربانیاں دی ہیں ان کی داستان بہت طویل ہے۔ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ڈاکٹرسلیم دانش نے کہاکہ پاکستان میں بہت سے لوگ نظام میں تبدیلی کی بات کرتے ہیں لیکن پاکستان میں اگرکوئی لیڈرحقیقی تبدیلی لاسکتاہے تو وہ صرف الطاف حسین ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔