لانگ مارچ ڈیوٹی؛ پولیس جوانوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 29 اکتوبر 2022
پولیس جوانوں کوکہاگیاکہ وہ خوداسلام آبادچلے جائیں،ایک اہلکارنے وڈیووائرل کردی،ڈی آئی جی ٹریننگ کاموقف دینے سے گریز۔ فوٹو : فائل

پولیس جوانوں کوکہاگیاکہ وہ خوداسلام آبادچلے جائیں،ایک اہلکارنے وڈیووائرل کردی،ڈی آئی جی ٹریننگ کاموقف دینے سے گریز۔ فوٹو : فائل

 کراچی: اسلام آباد میں لانگ مارچ کے دوران فرائض سرانجام دینے کے لیے کراچی سے جانے والے پولیس اہلکاروں کو اسٹیشن پر لاکر بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث ملک کے مختلف صوبوں سے پولیس کی نفری مانگی گئی تھی اسی سلسلے میں سندھ سے بھی پولیس اہلکار بھیجے گئے۔

گزشتہ روز پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد سے 50 سے زائد پولیس جوانوں کو کینٹ اسٹیشن پر بے یارو مدد گار چھوڑ دیا گیا اور انھیں کہا گیا کہ وہ اسلام آباد چلے جائیں اہلکاروں کے پاس کسی قسم کا کوئی انتظام نہیں تھا اور وہ کئی گھنٹے تک بے یارومددگار بیٹھے رہے۔

اس دوران ایک اہلکار نے وڈیو بناکر وائرل کردی، وڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈی آئی جی ٹریننگ عبدالحمید کھوسو سے جب ان کا موقف جاننے کے لیے کئی بار ٹیلی فون کال کی گئیں اور انھیں بذریعہ واٹس ایپ میسجز بھی کیے گئے لیکن انھوں نے کوئی جواب نہ دیا۔

بعدازاں مذکورہ اہلکاروں کو رات ساڑھے 10 بجے ریلوے حکام نے ٹرین میں سوار کرایا لیکن ابھی یہ تمام اہلکار لانڈھی اسٹیشن تک ہی پہنچے تھے کہ انھیں اپنے پولیس حکام کی جانب سے احکامات موصول ہوئے کہ وہ واپس ٹریننگ سینٹر پہنچ جائیں جس پر تمام اہلکار واپس رزاق آباد ٹریننگ سینٹر چلے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔