کوئٹہ کے عوام کیلیے خوشخبری، جعفر ایکسپریس کو مچھ تک بحال کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 اکتوبر 2022
چار برس سے زیر التوا سبی ھرنائی سیکشن کی تین ماہ میں تکمیل کا فیصلہ (فوٹو: فائل)

چار برس سے زیر التوا سبی ھرنائی سیکشن کی تین ماہ میں تکمیل کا فیصلہ (فوٹو: فائل)

 لاہور: پاکستان ریلوے نے کوئٹہ کے عوام کیلیے جعفر ایکسپریس کو مچھ تک بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر ریلوے سعد رفیق نے ہرک برج کی بحالی کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں سعد رفیق نے کوئٹہ کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ نومبر سے جعفر ایکسپریس کو مچھ تک بحال کر رہے ہیں، انہوں نے مچھ سے مسافروں کو روڈ ٹرانسپورٹ کے ذریعے کوئٹہ پہنچانے کیلیے انتظامات کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

اس کے علاوہ 4 برس سے زیر التوا سبی ھرنائی سیکشن کی 3 ماہ میں تکمیل کا فیصلہ کیا گیا۔ اے جی ایم انفراسٹرکچر ارشدسلام خٹک کی سربراہی میں چار رکنی وفد جلد گوادر کا دورہ کر کے معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھائے گا، ریلوے پولیس کی کیپسٹی بلڈنگ بہتر انداز میں کی جائے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کو آمدن بڑھانے کے لیے پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ کمپنی کارکردگی بڑھانے کیلیے نوجوان ریلوے افسران اور مارکیٹ سے بھی پروفیشنل لوگوں کی انڈکشن کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔