کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل،ہجوم نے ایک ڈاکو کو تشدد کر کے مار ڈالا

منور خان  ہفتہ 29 اکتوبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 کراچی: شہر بھر میں پولیس کے سرچ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے باوجود اسٹرئٹ کرائمز میں کمی نہ آسکی، گلستان جوہر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ مشتعل عوام نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کرکے جان سے مار دیا۔ 

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے بلاک 18 پرفیوم چوک قاسم پیراڈائز کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 18 سالہ شہریار سینے پر گولی لگنے سے زںدگی کی بازی ہار گیا۔

اس حوالے سے شارع فیصل تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او سب انپسکٹر عتیق نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکو الحسن پلاسٹک بیگ اسٹور پر آئے جہاں ایک ڈاکو نے دکان میں گھس کر مالک شیخ طارق کو اسلح کے زور پر یرغمال بنا کر نقدی اور موبائل فون چھین لیا جبکہ دوسرا ڈاکو باہر موٹر سائیکل کے پاس موجود رہا۔

انہوں ںے بتایا کہ واردات کرنے والے ڈاکو کو موقع پر موجود عوام نے پکڑ لیا اور اس دوران فائرنگ کرنے والا دوسرا ڈاکو موٹر سائیکل سوار پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق عوام نے پکڑے گئے ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس دوران موقع پر پہنچنے والی پولیس نے بڑی کوششوں کے بعد پکڑے گئے ڈاکو کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں دوران علاج ہلاک ہوگیا۔

سب انسپکٹر عتیق نے بتایا کہ پولیس کو پکڑے جانے والے ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ اور 3 گولیاں ملیں ہیں جبکہ وقوعہ سے پولیس کو گولیوں کے 3 خول ملے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔