متحدہ عرب امارات؛ 3 ماہ مسلسل کمی کے بعد پٹرول قیمتوں میں اضافہ

ویب ڈیسک  منگل 1 نومبر 2022
متحدہ عرب امارات میں مسلسل تین ماہ تک پٹرول قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات میں مسلسل تین ماہ تک پٹرول قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا، فوٹو: فائل

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے تین ماہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد نومبر کے لیے 29 فلوس فی لٹر اضافے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پٹرول کی قیمتوں میں 28 فلوس فی لٹر کمی کی گئی تھی جب کہ ستمبر اور اگست میں بھی 12 سے 14 فیصد کمی کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ 100 فلوس کا ایک درہم بنتا ہے۔

تاہم نومبر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سپر پٹرول فی لٹر 3.32 درہم، اسپیشل پٹرول 3.20 درہم اور ای پلس 91 پٹرول 3.13 فی لٹر ہوگیا یعنی پاکستانی روپوں میں 200 روپے فی لٹر پٹرول ہوگیا۔

متحدہ عرب امارات میں پٹرول کے ساتھ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 3.98 فی لٹر ہوگئی جو کہ تقریباً 240 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ہر ماہ کے آخری ہفتے میں آئندہ ماہ کے لیے پٹرول کی قیمتوں کا تعین سرکاری سطح پر کیا جاتا ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امارات میں سردیوں کے موسم پیٹرولیم مصنوعات میں مزید اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب قطر نے مسلسل چوتھے ماہ بھی پٹرول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔ وہاں پٹرول کی قیمت 2.10 قطری دینار فی لٹر ہے جو پاکستانی روپوں میں 128 روپے بنتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔