ایشین کپ فٹبال 2015 افتتاحی میچ میں آسٹریلیا اور کویت کا ٹکراؤ ہوگا

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 27 مارچ 2014
سڈنی:اے ایف سی کے جنرل سیکریٹری الیکس سوسے ایشین کپ 2015کے ڈراز کا اعلان کررہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

سڈنی:اے ایف سی کے جنرل سیکریٹری الیکس سوسے ایشین کپ 2015کے ڈراز کا اعلان کررہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

سڈنی: ایشین کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2015 کے افتتاحی میچ میں 9 جنوری کو میزبان آسٹریلیا اور کویت کا ٹکراؤ ہوگا۔

ڈراز کا اعلان بدھ کو اوپیرا ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں کیاگیا، پہلی مرتبہ ایشین ایونٹ کی میزبانی کرنے والے سوکروز کو ابتدائی میچزمیں2مرتبہ کے چیمپئن جنوبی کوریااور اومان کے چیلنج کا بھی سامنا رہے گا، فیصلہ کن معرکہ 31 جنوری کو سڈنی کے اولمپک اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایشین کپ فٹبال ٹورنامنٹ آئندہ برس پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں منعقد ہوگا، بدھ کو اوپیرا ہاؤس میںمنعقدہ پُروقار تقریب میں ڈراز اورمیچز کے پروگرام کا اعلان کردیاگیا، شریک 16 ممالک کو چار گروپس میں تقسیم کیاگیا ہے، ’ اے ‘ میں میزبان آسٹریلیا، جنوبی کوریا، اومان اور کویت شامل ہیں،’بی ‘ کو ازبکستان، شمالی کوریا، چین اور سعودی عرب سے مکمل کیاگیا، ایران، قطر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کی شمولیت سے گروپ ’ سی ‘ بنایاگیا، ’ڈی‘ میں دفاعی چیمپئن جاپان، اردن، عراق اور 2014 کے اے ایف سی چیلنج کپ کی فاتح ٹیم شامل ہوگی،افتتاحی مقابلہ آئندہ برس 9 جنوری کو میلبورن میں میزبان آسٹریلیا اور کویت کے درمیان کھیلا جائیگا، لگاتار آٹھ مرتبہ عالمی ورلڈ کپ میں جگہ بنانے والے آسٹریلیا اور جنوبی کوریا ایشین کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کیلیے پُراعتماد ہیں، ڈراز پر آسٹریلین کوچ اینگے پوسٹیکو گلو نے کہا کہ ہمارا گروپ خاصا چیلنجنگ ہے، ہمیں ابتدائی راؤنڈ میں تین سخت حریفوں کا سامنا رہے گا لیکن ہم ان کا سامنا کرنے کیلیے پوری طرح تیار ہوں گے، انھوں نے کہا کہ کویت سے ابتدائی میچ بھی اہم ہے، ہمیں عمدہ آغاز کی ضرورت ہوگی، ابتدائی میچ میں تین پوائنٹس ملنے کے بعد ہم دیگر ٹیموں پر دباؤ بڑھاسکیں گے۔

2006 میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن میں شمولیت اختیار کرنے والے آسٹریلیا نے2011 کے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ ایشین کپ میں شرکت کی تھی، اسے فائنل میں جاپان نے اضافی وقت میں 1-0 سے ہراکرچیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، دوسری جانب جنوبی کورین کوچ ہونگ میونگ بو نے کہاکہ ہماری اولین توجہ کا مرکز تو رواں برس برازیل میں شیڈول ورلڈ کپ ہے، اس کے بعد ایشین کپ پربھرپور توجہ دیں گے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا گروپ آسان نہیں جس میں ہم میزبان ٹیم کے ساتھ ہیں، آسٹریلیا کو ہوم ایڈوانٹج ملے گا، ہمارا ان سے مقابلہ بہت مشکل ہوگا۔ دفاعی چیمپئن جاپان کو گروپ ’ ڈی ‘ میں 2007 کے چیمپئن عراق ، اردن اور اے ایف سی چیلنج کپ کی فاتح ٹیم کے ساتھ رکھاگیا ہے، جس کا تعین رواں برس مئی میں مالدیپ میں شیڈول ایونٹ سے ہوگا۔

جاپان فٹبال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ہارا ہیرومی نے کہاکہ ہم ایشین کپ میں اعزاز کا دفاع کرنے کیلیے اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے، ہم ورلڈ کپ کوالیفائر میں آسٹریلیا کیخلاف کامیابی حاصل کرچکے تاہم اوے میچ  ہمارے لیے خاصا مشکل ہوگا، ہم چاہیں گے کہ دوبارہ ویسا ہی پرفارم کرپائیں۔ ایشیا کی تیسری بہترین ٹیم ازبکستان کو گروپ ’بی ‘ میں ٹاپ سیڈنگ ملی، ان کے ساتھ تین مرتبہ کا فاتح سعودی عرب ، چین اور شمالی کوریا بھی موجود ہیں، چین کے فرنچ کوچ ایلن پیرن کا کہنا ہے کہ میں ازبک ٹیم کو بہتر طور پر جانتا ہوں کیونکہ میں نے قطر میں اسے کئی مرتبہ کھیلتے ہوئے دیکھا، وہ مضبوط حریف لیکن ہمارے گروپ میں ہر ٹیم ایک دوسرے کیخلاف پوائنٹس گنواسکتی ہے،اچھا آغازبہت اہم رہے گا۔ تین مرتبہ کے ایشین چیمپئن رہنے والے ایران کو گروپ ’ سی ‘ میں یواے ای، قطر اور بحرین کا چیلنج درپیش ہے،کوچ کارلوس کیوروز نے کہاکہ تین عرب ممالک کی شمولیت کے ساتھ ہمارا گروپ خاصا متوازن ہے، ہمسایہ ممالک میں بے تحاشا جذبات اور تناؤ ہوگا لہذا مقابلے دلچسپ رہیں گے، ایونٹ میں ایران کے میڈل جیتنے کا اچھا چانس ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔