روس کا یوکرین اناج برآمدگی معاہدے پر واپسی کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 4 نومبر 2022
یوکیرن پر بمباری کا الزام عائد کرکے روس اناج معاہدے سے دستبراد ہوگیا تھا، فوٹو: فائل

یوکیرن پر بمباری کا الزام عائد کرکے روس اناج معاہدے سے دستبراد ہوگیا تھا، فوٹو: فائل

 ماسکو: روس نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے کردہ یوکرین اناج برآمدگی کے معاہدے پر واپسی کا اعلان کر دیا۔

روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یوکرین نے بحیرہ اسود میں اناج راہداری کو نشانہ نہ بنانے کی تحریری ضمانت دی ہے جس پر امریکا نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔

واضح رہے روس نے گزشتہ ہفتے یوکرین اناج برآمدگی معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور مؤقف اپنایا تھا کہ بحیرہ اسود میں روسی بیڑے پر حملے کے بعد یہاں سے گزرنے والے سویلین جہازوں کے تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتے۔

روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی شرکت اور ترکیہ کے تعاون کی بدولت انھیں یوکرین سے اناج کے معاہدے کے حوالے سے ضروری تحریری ضمانتیں موصول ہوئی ہیں جن کو کافی پایا ہے تاہم اناج معاہدے میں ہماری شراکت جاری رہے گی۔

روس نے کہا ہے کہ مغربی میڈیا خلیج میں کشیدگی نہ بڑھائے، روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کو آگاہ کیا ہے کہ مغربی میڈیا نے ایک ایسی مہم شروع کی ہے جس سے خلیج میں کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ سرگئی لاوروف نے حسین امیرعبداللہیان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران مغربی میڈیا کی طرف سے شروع کی گئی آگہی مہم کے نقصان دہ اثرات پر تبصرہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔