پی سی بی میں طاقتور ڈائریکٹر کرکٹ کے تقرر کی تیاری

کئی اہم شعبے اس کے تحت کام کریں گے،ذاکر خان عہدہ سنبھالنے کیلیے فیورٹ


Saleem Khaliq November 06, 2022
ہائی پرفارمنس،ڈومیسٹک کرکٹ الگ،بورڈ میں تبدیلی سے منصوبے پر پانی پھر جائے گا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی میں طاقتور ڈائریکٹر کرکٹ کے تقرر کی تیاری کر لی گئی، کئی اہم شعبے اس کے تحت کام کریں گے۔

پی سی بی نے بااختیار ڈائریکٹر کرکٹ کے تقرر کا منصوبہ بنا لیا،ڈومیسٹک کرکٹ، انٹرنیشنل کرکٹ ، ہائی پرفارمنس کے ڈائریکٹرز اور ویمنز کرکٹ کے سربراہ اس کے تحت کام کرینگے۔

ذرائع نے بتایا کہ موجود ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اس عہدے کو سنبھالنے کیلیے فیورٹ ہیں،ہائی پرفارمنس اور ڈومیسٹک کرکٹ کو الگ کرنے سے ندیم خان کے اختیارات بہت کم رہ جائیں گے،وہ خود بطور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر کرکٹ کو رپورٹ کریں گے، ڈائریکٹر پیوپل کلچر اور ڈائریکٹر پاکستان سپرلیگ کا بھی تقرر کیا جائے گا۔

پی سی بی میں ان تبدیلیوں کے حوالے سے گورننگ بورڈ کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا، البتہ اگر ورلڈکپ میں ٹیم پہلے رائونڈ تک محدود رہی اور بورڈ میں کوئی تبدیلی ہوئی تو پورے منصوبے پر پانی پھر جائے گا۔

دوسری جانب چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی وسیع تر اختیارات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں،ماضی میں ان کی طوفانی رفتار سے ترقیاں اور تنخواہ میں اضافہ زیربحث رہا تھا، آڈٹ رپورٹ میں بھی اس کی نشاندہی ہوئی تھی، آئی ٹی، ایڈمنسٹریشن، پروکیورمنٹ، انفرااسٹرکچر اینڈ ریئل اسٹیٹ، کمپلائنس کنٹریکٹس اینڈ رسک، لیگل اور ایونٹس کے ساتھ سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کا کام بھی ان کے ذمہ ہے۔

مقبول خبریں