جامعہ کراچی میں بی ایس کے داخلے انٹر سال اول کے نتائج پر دینے پر غور

صفدر رضوی  پير 7 نومبر 2022
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 کراچی:  جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے آئندہ تعلیمی سیشن 2023 کے داخلے انٹر سال اول کے نتائج پر دینے پر غور شروع کردیا ہے اس سلسلے میں جامعہ کراچی اکیڈمک کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  اجلاس 14 نومبر کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیر صدارت منعقد ہوگا، اکیڈمک کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے بعد شیخ الجامعہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ جامعات آئین و قانون کے مطابق خود مختار ہیں اگر وہ اپنے فیصلے “اسٹیچری باڈیز” سے کریں لہذا ہم بھی اس معاملے کو اکیڈمک کونسل میں پیش کرنے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اکیڈمک کونسل اس تجویز کی منظوری دیتی ہے تو تعلیمی سیشن 2023 کو کسی تاخیر سے بچانے کے لیے انٹر سال اول کے نتائج پر داخلوں کا اعلان کردیں گے ۔

یاد رہے کہ اس بار این ای ڈی یونیورسٹی بھی اپنا سیشن وقت پر شروع کرنے کے لیے بی ای پروگرام کے داخلے انٹر سال اول کی بنیاد پر دے چکی ہے جبکہ حکومت سندھ کے محکمہ کالج ایجوکیشن نے انٹر سال اول کے داخلے بھی میٹرک کے بجائے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر دیے۔

علاوہ ازیں پیر کو منعقدہ داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان اور سندھ کے ایسے طلبہ جن کی تعلیمی دستاویزات سیلابی تباہی کی نذر ہوگئی ہیں وہ بھی داخلے کے لیے درخواست دے سکیں گے ۔

میرٹ پر پورا اترنے کی صورت میں انھیں پروویژنل داخلے دیے جائیں گے ایسے طلبہ اپنی دستاویزات بعد میں جمع کراسکیں گے۔

وائس چانسلر کے مطابق اجلاس میں داخلہ فیس سینڈیکیٹ کی قرارداد کے مطابق صرف 10 فیصد بڑھانے جبکہ پراسپیکٹس اور پروسیسنگ فیس نہ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا یاد رہے کہ گزشتہ برس داخلے 22 نومبر سے شروع ہوئے تھے جبکہ اس برس 13 نومبر سے شروع کرنے کہ تجویز تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔