پی ایس بی کے سابق ڈائریکٹرجنرل کا بغیر منظوری غیرملکی دوروں کا انکشاف

قائمہ کمیٹی نے آصف زمان کے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم جاری کردیا


ویب ڈیسک November 10, 2022
فوٹو فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سابق ڈائریکٹر جنرل آصف زمان کے وزیراعظم کی منظوری کے بغیر غیرملکی دوروں کے انکشاف کے بعد قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی براے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس نواب شیر وسیر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی رکن وجہیہ قمر نے کہا کہ سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ آصف زمان پر بہت سے الزامات ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زمان وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر بیرون ممالک کے دورے کرتے رہے جب کہ ایک سرکاری افسر کیبینٹ ڈویژن کی ہدایات کو کیسے نظر انداز کر سکتا ہے؟

کمیٹی ارکان نے کہا کہ اگر وزیراعظم نے منظوری نہیں دی تھی تو آصف زمان کیسے بیرون ملک چلے گئے؟

وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ آصف زمان کو بیرون ملک جانے کی کوئی اجازت نہیں دی، انہوں نے انکشاف کیا کہ سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ خود کو این او سی دیکر غیر ملکی دوروں پر جاتے رہے۔

قائمہ کمیٹی نے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوے آئندہ اجلاس میں ایف آئی اے حکام کو طلب کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ آصف زمان کے معاملے کی فوری انکوائری کرکے پورٹ پیش کرے-

اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے سپورٹس گراونڈ ز کو سیاسی جلسوں کے استعمال کا پر تشویش کا اظہار کی، کمیٹی رکن شاہدہ رحمانی نے کہا کہ سیاسی جلسوں سے اسپورٹس گراونڈ ز تباہ ہو رہے ہیں ، اسپورٹس گراونڈ پر سیاسی جلسوں کے استعمال پر پابندی ہونی چاہئے۔

قائمہ کمیٹی نے تمام صوبوں سے اس حوالے سے رپورٹ مانگنے کی ہدایت کر دی۔

مقبول خبریں