ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا آج بقا کی جنگ لڑیں گے

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 28 مارچ 2014
ناکام ٹیم پر سیمی فائنلز کے دروازے بندہوجائیں گے،کیریبیئن سائیڈکوگیل کی فٹنس پر تشویش، بھارت و بنگلہ دیش مقابل  فوٹو:فائل

ناکام ٹیم پر سیمی فائنلز کے دروازے بندہوجائیں گے،کیریبیئن سائیڈکوگیل کی فٹنس پر تشویش، بھارت و بنگلہ دیش مقابل فوٹو:فائل

ڈھاکا: آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں جمعے کو دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا بقا کی جنگ لڑیں گے۔

ناکام ٹیم پر سیمی فائنلز کے دروازے تقریباً بند ہوجائینگے، کیریبیئن سائیڈ اپنے اسٹار اوپنر کرس گیل کی فٹنس پر تشویش میں مبتلا ہے، ٹخنے کی تکلیف انکی شرکت کے حوالے سے شکوک پیدا کررہی ہے۔ دوسرے میچ میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا، بلوشرٹس مسلسل تیسری فتح کیلیے بے چین ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے سپر 10 رائونڈ میں 3فتوحات کے باوجود اس بات کی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ ٹیم سیمی فائنل میں جگہ پکی کرچکی ہے، البتہ 2ناکامیوں کی وجہ سے اگلے مرحلے میں پہنچ پانا تقریبا ناممکن ہوجائیگا، 2 دن کے بعد گروپ ٹو کے میچز جمعے سے دوبارہ شروع ہورہے ہیں، بھارت اپنے ابتدائی دونوں میچز جیتنے والی واحد ٹیم ہے، پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش ایک ایک میچ میں شکست سے دوچار ہوچکے،کینگروز اور کیریبیئنز مزید کسی ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ ویسٹ انڈیز کو سب سے زیادہ تشویش جارح مزاج اوپنر کرس گیل کی فٹنس کے حوالے سے ہے، وہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں ٹخنے کی تکلیف سے دوچار دکھائی دیے تھے۔

تاہم ٹیم مینجمنٹ نے انجری کی نوعیت ظاہر کرنے سے گریزکیا،کپتان ڈیرن سیمی کو یقین ہے کہ گیل میدان میں اتریں گے، انھوں نے آسٹریلوی ٹیم کو بھی خاموش کرنے کا دعویٰ کیا، سیمی نے کہا کہ عام طور پر کینگروز بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں،ہم یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، حریف سائیڈ کے جو پلیئرز باتیں کررہے ہیں ان کی ہمیں پروا نہیں ہم انھیں میدان میں خاموش کردینگے۔ دوسری جانب آسٹریلوی الیون میں جیمز فالکنر کیلیے بولنجر کو جگہ فراہم کرنا ہوگی، آرون فنچ کا کہنا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے بگ بیش اور آئی پی ایل میں سنیل نارائن کا سامنا کیا اور ان کو اچھی طرح کھیل سکتے ہیں، وہ ایک اچھے بولر ہیں مگر ہم نے ان کیلیے خصوصی پلان تیار کرلیا ہے۔ ادھر پاکستان ٹیم اور ویسٹ انڈیز کو پچھاڑنے والی بھارتی سائیڈ اب بنگلہ دیش کو ٹھکانے لگانے کیلیے بھی بے چین ہے، فتح کی صورت میں سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوجائیگی، پلیئنگ الیون میں بظاہر تبدیلی کا امکان نہیں،کپتان دھونی یوراج پر اعتماد ظاہر کرچکے ہیں، بنگلہ دیشی ٹیم میں ناصر حسین کی واپسی کا امکان ہے، ویسٹ انڈیز سے میچ میں 2کیچز ڈارپ کرنے والے محمود اللہ کو برقرار رکھا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔