وزیراعلیٰ اچھا کام کررہے ہیں انھیں ہٹایا نہیں جارہا، اویس مظفر

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 28 مارچ 2014
اویس مظفر نہاری کھانے طارق روڈ پہنچ گئے، میٹھا پان بھی کھایا، لوگوں میں گھل مل گئے۔ فوٹو: فائل

اویس مظفر نہاری کھانے طارق روڈ پہنچ گئے، میٹھا پان بھی کھایا، لوگوں میں گھل مل گئے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سیداویس مظفر نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کی تبدیلی نہیں ہورہی ہے،اس حوالے سے یہ خبریں کون چلوا رہاہے اور ان خبروں کے چلانے کے مقاصد کیاہیں اس کی تحقیقات ہو رہی ہے،میں بس اتنا جانتا ہوں کہ یہ خبریں غلط ہیں۔

جمعرات کو سندھ سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کوزیادہ علم ہے اس بارے میں مجھے کچھ معلوم نہیں،ایم کیو ایم پہلے بھی ہماری اتحادی رہی ہے تاہم مذاکرات کے حوالے سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت جوبھی فیصلہ کرے گی سب کو قبول ہوگا،ٹھٹھہ میں اسپیشل پیکیج کے تحت ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں،ٹھٹھہ میں گیسٹرو سے کوئی بچہ یا کسی مریض کے جاں بحق ہونے کی کوئی اطلاع نہیں،تھر پارکرسمیت سندھ بھرمیں عوام کو پینے کے صاف کی فراہمی کے لیے آر او پلانٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے،دوبارہ وزیربننے کی خبریں میں میڈیا میں ہی سنتا ہوں،مجھے کچھ معلوم نہیں،اگر قیادت نے کوئی ذمے داری دی توپارٹی پالیسی کے تحت خدمات انجام دوں گا۔

انھوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ اچھے ایماندارآدمی ہیں،پارٹی قیادت ان پر مکمل اعتماد کرتی ہے وہ بہتر طریقے سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ بعدازاں وہ صحافیوں کے ہمراہ طارق روڈنہاری کے ہوٹل پہنچے ،جہاں انھوں نے نہاری کھائی۔ سید اویس مظفر نے بہترسروس پر ویٹر کو 1100 روپے ٹپ دی۔ بعدمیں انھوں نے پان کی دکان سے میٹھاپان کھایا۔دریں اثناسیداویس مظفر سے ان کی رہائش گاہ پرسید دیوان عظمت محمود چشتی آستانہ عالیہ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ پاک پتن شریف پنجاب،سید اظہر الحسن گیلانی جنرل سیکریٹری قومی مشائق کونسل پاکستان ، پروفیسر جے اے حق گولڑہ شریف ، پیر غلام مجدد سرہندی سجادہ نشین پیر سرہندی مٹیاری ، مولانا غلام یاسین گولڑی ، پیر سید فرقان شاہ جیلانی ، پیر امام بخش چشتی ، صاحبزادہ سعید احمد صابری اوکاڑہ ، خواجہ غلام قطب الدین فریدی ، آستانہ عالیہ خواجہ محمد یار فریدی گڑھی شریف اوردیگرنے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں علمااور درگاہوں کے سجادہ نشینوں نے سیداویس مظفر کو درگاہوں کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔