علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

14تا 20 نومبر 2022


November 13, 2022
14تا 20 نومبر 2022

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا 20 اپریل
مریخ آپ کا سیارہ سوچوں میں ایک جذباتی بہاؤ اور مزاج کو آتشیں بنائے گا، سوچیں تذبذب کا شکار ہوسکتی ہیں۔ اس سے قبل لیے گئے فیصلے یا اقدام پر پچھتاوا یا ان کی درستی کی ضرورت محسوس ہوگی۔ بیرون ملک/لمبے عرصے کے لیے منصوبے اور معاہدے دردِسر کی وجہ بن سکتے ہیں۔ آخرِِہفتہ کے دو ایام میں کوئی اچھی خبر مل سکتی ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ، 21اپریل تا 20 مئی
زحل و شمس کے درمیان تلخ کلامی ہورہی ہے۔ ایسے میں والدین کے باہم تعلقات میں دوری نہ ہونے دیں۔ آپ کچھ زیادہ ہی خطرات میں کودنے کے لیے لنگوٹ نہ کسیں تو بہتر ہوگا۔ آپ کا سیارہ زہرہ وراثتی امور کو لے کر زیادہ آگ بگولا ہوسکتا ہے، ٹھنڈے رہیں اور مسائل کو نرمی سے حل کرنے کی کوشش کریں، کیوںکہ یہی بہتر راستہ ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
تیسرے اور گیارھویں یعنی چھوٹے اور بڑے بھائی کے سیارے ممکن ہے آپ کی حمایت ویسے نہ کرسکیں جیسی آپ توقع کررہے ہیں۔ منگل بدھ آپ کا سیارہ زہرہ کے قریب ہوگا۔ اس وقت کسی نیم سرکاری یا مذہبی مقام پر من پسند شخصیت سے ملاقات ہوسکتی ہے۔ آپ کے والد اور چھوٹے بھائی یا پڑوسی (سرکاری عہدے والا) کے مابین تلخی ہوسکتی ہے، محتاط رہیں۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
وہ رقم جو ضائع ہوگئی تھی یا کسی نے دبالی تھی کے ملنے کی امید پیدا ہوسکتی ہے۔ بچوں کا خانہ کافی متاثر ہے۔ حاملہ خواتین اپنا چیک اپ ضرور کرواتی رہیں اور اپنے بلڈ پریشر کو اوپر نیچے نہ ہونے دیں۔ باہر جانے کا راستہ نکل کے بند ہوسکتا ہے اور بند ہوکے کھل سکتا ہے۔ یہ ایک حساس وقت ہے اس کا دارومدار آپ کے پیدائشی زائچے پر ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ شمس گرہن سے تازہ نکلا ہے۔ گرہن کیتو کے قریب ہونے وجہ آئی اسی وقت میں وراثتی، کیریر اور گھر سے متعلق کچھ امور پریشان کرسکتے تھے، جس کے بادل اب تک گہرے ہیں، امید اس ہفتے کے آخر تک آپ اس مشکل سے نکل آئیں گے۔ یہ ایسا وقت ہے کہ انسان کسی قیدوبند کا بھی شکار ہوسکتا ہے۔ الزامات کا ایک طویل اور تکلیف دہ سلسلہ ہوسکتا ہے۔ صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ بھی گرہن کے گہرے سائے سے نکلا ہے۔ آپ کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ مناسب علاج کی طرف توجہ دیں۔ مریخ جو کہ آپ کے اچانک امور کا نمائندہ ہے قرض دلاسکتا ہے اور کچھ قرض خواہ ذہنی الجھن کا بھی سبب بن سکتے ہیں۔ اس ہفتے غیرمتوقع مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔ مشتری سیارے کی رجعت ختم ہورہی ہے۔ پرانے خفا لوگ پلٹ سکتے ہیں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
دوسرے گھر میں سیاروں کا جمگھٹا اور چاند گرہن مالی حوالے سے کوئی الجھن دے سکتا ہے۔ اس سے نکلنے میں وقت لگے گا۔ کوئی سرکاری جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔ والدہ کی صحت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ ایسے وقت میں کسی نئی جاب کا سلسلہ مستقبل میں اچھے نتائج نہیں دے گا۔ کوئی معاہدہ نہ ہی کریں تو بہتر ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
قمر عقرب میں اور گرہن دہری الجھن ایسے وقت میں اپنے جذباتی پن کو کہیں دفن کردیں۔ آپ کا مریخ آٹھویں خانے میں ہے کسی قسم کا رسک بالکل نہ لیں۔ معاملہ الٹا پڑسکتا ہے۔ آپ کے بزنس، ملازمت اور جائے مشقت پر کچھ الجھنیں جو جاری تھیں عروج پر جاسکتی ہیں، لیکن اس کے فوراً بعد ان مسائل کا مناسب حل بھی نکل آئے گا اور اگر آپ کے امور سب اچھا کا سگنل دے رہے تھے تو وہ اچانک سرخ ہوسکتے ہیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
مریخ و مشتری دونوں الٹا چل رہے ہیں۔ ایسے وقت میں عطارد کا گرہن کے اثرات میں آجانا بتاتا ہے کہ آپ کے اپنے شریکِ حیات سے تعلقات میں غلط فہمیاں اور دوریاں جنم لے سکتی ہیں۔ اس وقت میں اگر آپ نے اس صورت حال کو سنبھال لیا تو یہ آپ کی بڑی ثابت قدمی اور دانش مندی ہوگی۔ ایک جذبات کا تیز جھونکا آپ کے قدم لڑکھڑاسکتا ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
چاند آپ کے تعلقات، عوامی مراسم اور بازار کی نمائندگی کرتا ہے، متاثر ہوچکا ہے۔ مذکورہ امور میں آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ آپ کے بزنس اور کام کے مقام پر مریخ الٹا ہوچکا ہے۔ آگ لگنے کا خدشہ ہے، کوئی کام کی مشین خراب ہوسکتی ہے یا کوئی چور گھس سکتا ہے۔ شریکِ حیات یا کوئی دوست آپ کے اس مشکل وقت میں ساتھ دیتا ہوا نظر آتا ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
آپ کا سیارہ تو سیدھا ہوچکا ہے، اب آپ پہلے سے بہتر انداز میں چیزوں کو سمجھ سکیں گے اور درست سمت میں قدم اٹھانے کی بھی توانائی آئے گی۔ آپ کی زندگی کا ایک نیا باب شروع ہورہا ہے۔ ممکن ہے اس وقت میں کیریر سے متعلق کچھ اچانک تبدیلیوں کا سامنا ہو، وہ پسندیدہ کم اور ناگوار زیادہ ہوسکتی ہیں۔ اپنے کمر کا خیال رکھیں ہڈی میں کوئی مسئلہ ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
آپ کا سیارہ مشتری و نیپچون دونوں حالتِ قران میں ہیں اور راجع یعنی الٹے سفر میں ہیں۔ یہ وقت خصوصاً جب کہ چاند گرہن سے نکلا ہو اور شمس عقرب میں ہو، ایسے وقت میں جذبات کا بہاؤ ایک اور دنیا کی راہ دکھاتا ہے۔ خوابوں کی دنیا سے نکلنا اگرچہ آپ کے لیے آسان نہیں ہے لیکن کوشش کریں کہ کوئی عملی قدم اٹھانا یا فیصلہ کسی کی مشاورت سے کریں۔ ورنہ آپ خوابوں اور حقیقت کے درمیاں ان دیکھے کھجور کے درخت میں اٹک کے رہ جائیں گے۔

مقبول خبریں