لاپتہ ملائیشین طیارہ، بحر ہند میں تھائی لینڈ کے سیٹلائٹ پر بھی 300 ٹکڑوں کی نشاندہی

اے ایف پی / خبر ایجنسیاں  جمعـء 28 مارچ 2014
پائلٹ زہری احمد شاہ کی رہائش گاہ پر موجود فلائٹ سیمولیٹر سے حاصل شدہ ڈیٹا کا تجزیہ جلد ہو جائے گا، ڈائریکٹر امریکن ایف بی آئی۔ فوٹو: فائل

پائلٹ زہری احمد شاہ کی رہائش گاہ پر موجود فلائٹ سیمولیٹر سے حاصل شدہ ڈیٹا کا تجزیہ جلد ہو جائے گا، ڈائریکٹر امریکن ایف بی آئی۔ فوٹو: فائل

کوالالمپور: تھائی لینڈ کے ایک سیٹلائٹ نے جنوبی بحرِ ہند میں لاپتہ طیارے کے300 کے قریب ممکنہ ٹکڑوں کی نشاندہی کی ہے، یہ وہی مقام ہے جہاں ملائیشیا کے لاپتہ طیارے ایم ایچ 370 کی تلاش کی جا رہی ہے۔

یہ سیٹلائٹ تصاویر 24 مارچ کو لی گئی ہیں، 23 مارچ کو فرانسیسی سیٹلائٹ نے بھی سمندر میں 122 کے قریب ٹکڑے دکھائی دیے جانے کا دعویٰ کیا تھا، تھائی سیٹلائٹ میں دکھائی دینے والی چیزیں فرانسیسی سٹیلائٹ میں دکھائی دی جانے والی چیزوں سے 200 کلومیٹر دور ہیں۔ تھائی لینڈ کے خلائی ٹیکنالوجی سے متعلق ادارے کے اہلکار نے بتایا کہ سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ دکھائی دی جانے والی چیزیں 2 سے 15میٹر تک کی ہیں، تاہم انھوں نے بھی اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا یہ لاپتہ طیارے کے ٹکڑے ہی ہیں۔

آسٹریلیا کی میری ٹائم سیفٹی اتھارٹی (امسا) کا کہنا ہے کہ اب طیارے کی تلاش کی مہم میں11 فوجی اور عام طیارے اور 5 بحری جہاز شریک ہوچکے ہیں اور یہ موسم خراب ہونے سے قبل ان ٹکروں کی نشاندہی والے علاقے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ ادھر امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے نے کہاکہ گمشدہ طیارے کے پائلٹ زہری احمد شاہ کی رہائش گاہ پر موجود فلائٹ سیمولیٹر سے حاصل شدہ ڈیٹا کا تجزیہ جلد ہو جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ ہم اس تجزیے کو مکمل کرنے کے لیے اس امید کے ساتھ کام کر رہے ہیں کہ یہ ڈیٹا ہمیں بتا سکے گا کہ پرواز ایم ایچ 370 کے ساتھ کیا ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔