سیکیورٹی خدشات کے باعث بلاول بھٹو زرداری کا دورہ پنجاب ملتوی

ویب ڈیسک  جمعـء 28 مارچ 2014
چیرمین پیپلزپارٹی نے اپنے دورہ پنجاب کےدوران مختلف اضلاع کادورہ کر کے تنظیمی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

چیرمین پیپلزپارٹی نے اپنے دورہ پنجاب کےدوران مختلف اضلاع کادورہ کر کے تنظیمی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: سیکیورٹی خدشات کے باعث چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا دورہ پنجاب غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا جبکہ سندھ اسمبلی  میں بلاول بھٹو کو دھمکی آمیز خط ملنے کے خلاف مذمتی قراردار بھی منظور کرلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے بلاول بھٹو زرداری کی آمد کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کلئیرنس نہ ملنے پر بلاول بھٹو زرداری کا دورہ پنجاب ملتوی کردیا، چیرمین پیپلزپارٹی نے اپنے دورہ پنجاب کےدوران مختلف اضلاع کادورہ کر کے تنظیمی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کرنا تھیں جبکہ پیپلزپارٹی کےرہنما میاں منظوروٹوکا کہنا ہے کہ بلاول بھٹوزرداری اب مناسب وقت پر پنجاب کادورہ کریں گے۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی نے بھی بلاول بھٹوزرداری کو کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکی آمیز خط ملنے کے خلاف  مذمتی قراردار منظورکرلی، رکن اسمبلی عبدالستار راجپر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت چیرمین پیپلزپارٹی کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کا نوٹس لے اور کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو گزشتہ روزکالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکی آمیزپیغام موصول ہوا تھاجس پروزیراعلیٰ پنجاب نےتحقیقات کاحکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔