دعا بھٹو نے شوہر حلیم عادل شیخ کیخلاف خلع کا دعویٰ واپس لے لیا

کورٹ رپورٹر  منگل 15 نومبر 2022
فیملی کورٹ نے دعا بھٹو کا خلع کا دعویٰ خارج کردیا۔

فیملی کورٹ نے دعا بھٹو کا خلع کا دعویٰ خارج کردیا۔

 کراچی: فیملی کورٹ نے دعا بھٹو کا اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کیخلاف خلع کا دعویٰ واپس لینے پر خارج کردیا۔

فیملی کورٹ ملیر میں دعا بھٹو کے حلیم عادل شیخ کیخلاف خلع کے دعوی کی سماعت ہوئی۔ دعا بھٹو نے موقف اپنایا کہ میں نے اپنی رہائش ڈسٹرکٹ ملیر سے اولڈ کراچی منتقل کردی ہے۔ لہذا درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے خلع کا دعویٰ واپس لینے پر خارج کردیا۔

دعا بھٹو نے 25 اکتوبر کو فیملی کورٹ میں خلع کا دعوی دائر کیا تھا۔ جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ حلیم عادل شیخ کا میرے ساتھ ناروا سلوک ہے۔ 2018 میں حلیم عادل شیخ سے شادی ہوئی تھی۔ نکاح نامہ حلیم عادل شیخ کے پاس ہے جو آج تک مجھے نہیں فراہم کیا گیا۔ 10 ستمبر 2019 کو ہمارے ہاں بیٹا کامل حلیم پیدا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ روز بروز حلیم عادل کا شیخ کا رویہ تبدیل ہوتا رہا ہے۔وہ مجھے نظر انداز کرتے رہے ہیں۔ ان کی بد تمیزی کی وجہ سے ذہنی طور پریشان ہوں، ٹارچر کرتے رہے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے میری زندگی تباہ کردی ہے۔ حلیم عادل شیخ کا رویہ نامناسب ہے درخواست گزار ان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ حلیم عادل سے خلع دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔