جیت کا جشن منانے والوں میں گیل سب سے نمایاں

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 29 مارچ 2014
گراؤنڈمیں گینگنم ڈانس،سیمی نے وننگ شاٹ کھیلتے ہی بیٹ پھینک کردوڑ لگا دی۔ فوٹو : آئی سی سی

گراؤنڈمیں گینگنم ڈانس،سیمی نے وننگ شاٹ کھیلتے ہی بیٹ پھینک کردوڑ لگا دی۔ فوٹو : آئی سی سی

ڈھاکا: آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں6 وکٹوں سے شکست دی تو جیت کا جشن منانے والوں میں کرس گیل سب سے نمایاں تھے۔

انھوں نے میچ میں نصف سنچری بنائی، وہ ٹیم کے ڈگ آؤٹ میں خاموشی سے بیٹھے کپتان ڈیرن سیمی اور براوو کو بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھ رہے تھے،آخری اوور تک ان کی بے چینی میں اضافہ ہوگیالیکن جیسے ہی سیمی نے 2چھکے لگاکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تو میدان میں دلچسپ منظر دیکھنے میں آیا، کپتان نے  وننگ شاٹ کھیلتے ہی اپنا بیٹ گراؤنڈ میں ہی پھینکا اور دوڑ لگا دی، اسی طرح براوو نے بھی بیٹ ہوا میں اچھال دیا،گیل جذباتی ہوکر میدان میں داخل ہوگئے اور خوشی کے عالم میں گینگنم ڈانس شروع کردیا،اس دوران تمام ویسٹ انڈین کھلاڑی بھی گراؤنڈ میں آ گئے اور چیخ چیخ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

گیل نے میدان سے باہر آنے کے بعد ایک بار پھر تماشائیوں کی طرف دیکھتے ہوئے ہاتھ بلند کیے اور دوبارہ گینگنم رقص شروع کردیا، انھوں نے 2 سال قبل سری لنکا میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی خوشی کے اظہار کے لیے کورین سنگر پارک جی سینگ کے مقبول گانے کا یہ رقص اپناکر پوری دنیا کی توجہ حاصل کرلی تھی،گیل کے اس رقص میں ویسٹ انڈیز کے دیگر کرکٹرز بھی شامل ہوگئے تھے، جب ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا تو تمام کھلاڑیوں نے میدان اور پھر اپنے ہوٹل میں بھرپور انداز میں جشن منایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔