بیٹی ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

ثاقب بشیر  جمعرات 17 نومبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست واپس لے لی جبکہ مرکزی پٹیشن پر سماعت پیر 21 نومبر کو ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان  نااہلی کیس میں پٹیشنر کی جانب سے دائر متفرق درخواست پر سماعت کی، جس میں سماعت سنگل بینچ کے بجائے لارجر بینچ میں کرنے کی استدعا کی گئی تھی ۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر عثمان عدالت میں پیش ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ لارجر بینچ کی تشکیل کی درخواست فی الوقت واپس لینا چاہتا ہوں، استدعا ہے کہ عمران خان نااہلی کی مرکزی پٹیشن پر آئندہ ہفتے سماعت کی جائے۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے لارجر بینچ کی تشکیل کی درخواست نمٹا دی جبکہ نااہلی کی مرکزی پٹیشن کو پیر کو سماعت کے لیے مقررکر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ عام انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہیں کیا اور معلومات چھپائیں لہذا جھوٹ بولنے اور معلومات چھپانے پر عمران خان کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دیا جائے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔