عوام کو یقین ہے عمران خان کو گولی نہیں لانگ مارچ کی ناکامی کا غم ہے، مریم اورنگزیب

خالد محمود  جمعـء 18 نومبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو یقین ہے کہ عمران خان کو گولی نہیں لگی بلکہ انہیں لانگ مارچ کامیاب نہ ہونے کا غم لگا ہوا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ میں عمران خان کی بیماری کا مذاق نہیں اڑا رہی ہوں مگر عوام کو عمران خان کی بیماری کا مقصد سمجھ آگیا ہے اور یقین ہوگیا ہے کہ انہیں کوئی گولی نہیں لگی بلکہ صرف غم لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اور وہ غم یہ ہے کہ لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں تبدیل ہوچکا ہے‘۔

انہوں نے کہ کہ آپ پرائیویٹ اسپتال سے میڈیکولیگل کرواتے ہیں، یہ حق عوام کو بھی دیں، آپ کہتے ہیں جس شخص کا نام لوں اسکی ایف آئی آر کٹ جائے، کیوں؟ آپ ثبوت لائیں، اپنے اوپر بات آئے تو آپ کہتے ہیں یو اے ای اور یو کے جاؤں گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بات مختصر ہے توشہ خانہ سے گھڑی چوری کی اور پیسہ جمع کروائے بغیر اسے فروخت کرنے بھیج دیا، وہاں گھڑی بیچی اور کیش رقم لائے اور اسے ٹیکس ریڑن میں ظاہر نہیں کیا، آج سنا ہے توشہ خانہ کا کیس نیب میں چل گیا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ آپ نے شہزاد اکبر اور فرح گوگی کے ذریعے وہ گھڑی عمر فاروق کو فروخت کی، اب جب خود پر الزام آیا تو پاکستانی عدالتوں کے بجائے متحدہ عرمب امارات اور برطانیہ جانے کا اعلان کردیا، آپ یہ سب کرنے کے بجائے توشہ خانہ کی رسیدیں دیں اور معاملہ ختم کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ آج کس پر الزام لگا رہے ہی جنہیں آپ نے جیلوں میں ڈالا تھا، خیبرپختونخوا میں انکی حکومت ہے اور 10 سال وہاں احتساب کمیشن بند ہے، پنجاب میں آپکی حکومت ہے عوام انصاف دیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو جیلوں میں ڈالا، آپ کہتے ہیں آپ کے پاس نیب نہیں ہے آپکے پاس نیب کی ویڈیو تھی۔ آپ نے نیب کو بلک میل کیا، امریکا مخالف گفتگو ایک شخص نے کی اور عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے، یہ شخص تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے لگتی ہے تو کہتا ملک بند کردوں گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے سائفر کی بنیاد پر اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور وزرا سے آئین شکنی کروائی اور پھر افواج پاکستان کے خلاف مہم چلائی، چار سال میں انہوں نے خارجہ پالیسی کا جنازہ نکالا اور آج ایبسولیوٹلی ناٹ کا کہنے والا کہتا ہے وہ بات ختم ہوگئی ہے، بات ختم نہیں ہوئی اب آپ کو جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری گھڑی وقت بتاتی ہے آپکی گھڑی نے آپکی اوقات بتائی ہے، عمران خان کے اتحادیوں نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف ووٹ دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔