محبوبہ نے شادی سے انکار پر مخبری کردی، منشیات فروش مال سمیت گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 نومبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

کبیر والہ: سرائے سدھو میں محبوبہ نے شادی سے انکار پر منشیات فروش کو مال اور ساتھی سمیت گرفتار کرادیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ واقعہ سرائے سدھو کے نواحی علاقے میں پیش آیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ علاقے کی ایک خاتون نے منشیات فروش ابرار سے متعلق پولیس کو مخبری کی کہ وہ منشیات سپلائی کررہا ہے اور اس کے ساتھ اس کا دوست بھی موجود ہے۔

پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ابرار کو اس کے ساتھی عدیل موہانہ کے ہمراہ گرفتار کرلیا جن سے چرس اور ہیروئن برآمد ہوئی تاہم پولیس نے ہیروئن کی برآمدگی ظاہر نہیں کی اور صرف تین کلوگرام چرس برآمدگی کا مقدمہ درج کردیا۔

ایکسپریس نے اس حوالے سے ایس ایچ او سرائے سدھو سے بارہا رابطہ کرکے موقف حاصل کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں ںے کوئی جواب نہیں دیا۔

دریں اثنا واقعے سے متعلق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اطلاع دینے والی خاتون، منشیات فروش ابرار کی سابقہ محبوبہ ہے جس نے ابرار کی جانب سے شادی سے انکار کرنے پر اسے سبق دینے کے لیے پولیس کو یہ اطلاع دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔