کراچی میں نامعلوم افراد نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین نکال لی، ساتھ لے جانے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 مارچ 2014
اے ٹی ایم مشین میں 20 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود تھی، پولیس۔ فوٹو: فائل

اے ٹی ایم مشین میں 20 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود تھی، پولیس۔ فوٹو: فائل

کراچی: گلستان جوہر میں نامعلوم افراد نے نجی بینک کی اے ٹی ایم مشین نکال لی تاہم سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ پر وہ مشین چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نامعلوم افراد نے آج علی الصبح گلستان جوہر میں واقع نجی بینک کے باہر قائم اے ٹی ایم بوتھ میں داخل ہوئے اور پہلے انہوں نے وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے شیشوں پر کالے رنگ کا اسپرے کیا جس کے بعد انہوں نے مشین کو رسیوں سے باندھ کر گاڑی کے ذریعے کھینچنے کی کوشش کی، ملزمان اے ٹی ایم مشین کو دیوار سے اکھاڑنے میں تو کامیاب ہوگئے تاہم اس کے ساتھ ہی وہاں نصب حفاظتی الارم بج اٹھا جس کے ساتھ ہی بینک کے اندر موجود گارڈز باہر آئے اور انہوں نے فائرنگ کردی۔ جس پر نقب زن مشین کو وہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

گارڈز کی جانب سے اطلاع کئے جانے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور مشین کو بینک میں رکھوا دیا۔ بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جس وقت کارروائی کی کوشش کی اس وقت اے ٹی ایم مشین میں 20 لاکھ روپے سے زائد رقم موجود تھی۔

واضح رہے کہ رواں برس اب تک کراچی میں 12 بینک لوٹ چکے ہیں اس کے علاوہ ایک ماہ قبل اسی علاقے میں چند ملزمان نے اسی طرح اے ٹی ایم چوری کرنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ بھی کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔