طالبان نے جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایک گولی بھی نہیں چلائی، پروفیسر ابراہیم

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 مارچ 2014
طالبان سے ملاقات کے لئے دونوں کمیٹیوں کے ارکان جلد قبائلی علاقے روانہ ہوں گے،پروفیسر ابراہیم فوٹو: فائل

طالبان سے ملاقات کے لئے دونوں کمیٹیوں کے ارکان جلد قبائلی علاقے روانہ ہوں گے،پروفیسر ابراہیم فوٹو: فائل

پشاور: طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ طالبان جنگ بندی پر پوری طرح قائم ہیں اور اس کے اعلان کے بعد انہوں نے ایک گولی بھی چلائی۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن رضا رومی پر حملہ قابل مذمت ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ میڈیا کے دفاتر اور صحافیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے، طالبان شوری سے براہ راست مذاکرات کے دوران بھی جنگ بندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر بات ہوئی تھی۔ طالبان نے جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایک گولی بھی نہیں چلائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، دونوں فریقین کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہیں امید ہے کہ دونوں جانب سے قیدیوں کی رہائی کا عمل جلد ہی شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے ملاقات کے لئے دونوں کمیٹیاں جلد قبائلی علاقے روانہ ہوں گی۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کی وجہ سے ملک میں انسداد پولیو مہم کو شدید نقصان پہنچا، طالبان شوری سے براہ راست مذاکرات کے آئندہ دور میں وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بات کی جائے گی تاکہ قبائلی علاقوں کے بچوں کو دائمی معذوری سے بچایا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔