مالاکنڈ ڈویژن کو آئندہ 80برسوں کے لیے ٹیکس فری زون قرار دیا جائے، سراج الحق

ویب ڈیسک  منگل 22 نومبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آئندہ 80 برسوں کےلیے مالاکنڈ ڈویژن کو ٹیکس فری زون قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما سینیٹر سراج الحق نے مالاکنڈ میں ’حقوق مالاکنڈ گرینڈ گرجہ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام دو عشروں سے بدامنی کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت خون بہہ گیا، اب لوگ مزید قربانی کا بکرا بننے کو تیار نہیں کیوں کہ قوم جان چکی ہے کہ حالات کا ذمہ دار کون ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا مطالبہ ہے مالاکنڈ اور کے پی کو امن دیا جائے۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ حکمرانوں کے گریبان پکڑیں، چوکوں چوراہوں میں بندوقیں اٹھا کر اپنی حفاظت کرنا عوام کی نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے، اگر مالاکنڈ ڈویژن کو امن نہ دیا گیا تو لوگ اسلام آباد یا پشاور کا رخ کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مالاکنڈ ڈویژن کو آئندہ 80برسوں کے لیے ٹیکس فری زون قرار دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔