حاجی غلام علی نے خیبرپختونخوا کے 39ویں گورنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک  بدھ 23 نومبر 2022
فوٹو اسکرین گریپ

فوٹو اسکرین گریپ

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے سمدھی حاجی غلام علی خیبرپختونخوا کے نئے گورنر بن گئے۔

گورنر کی منظوری کا اعلامیہ جاری ہونے کے فوری بعد حلف برادری تقریب کا انعقاد ہوا چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید نے نئے گورنر سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی، جس میں جے یو آئی کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان، پی پی کے صوبائی قائدین سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ سمیت صوبائی وزرا حلف برداری کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

خیبرپختونخوا کے نئے گورنر کے لیے جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے حاجی غلام علی کا نام ارسال کیا گیا تھا، جس پر صدر مملکت کی جانب سے گزشتہ روز منظوری دی گئی تھی۔

 

حلف برداری کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے نومنتخب گورنر نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کی نوبت نہیں آئے گی، یہ لوگ ٹھیک ہوجائیں گے، ہم سیاسی لوگ ہیں ایک دوسرے کے دشمن نہیں، وفاق اور صوبے کے درمیان بہتری کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان جو کھینچہ تانی اس ختم کرنے کی کوشش کروں گا، ایک گھر میں بیٹا بھی گالیاں دے تو باپ پیسے نہیں دیتا، صوبے کو اس کا حق بھی ملے گا اور قبائلیوں کا احساس محرومی بھی دور کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سمری بھجوائی گئی تھی۔ جس کی صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 101،  کے تحت  منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان کے سمدھی حاجی غلام علی کو گورنر خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ

واضح رہے کہ  گورنر خیبرپختونخوا کا عہدہ شاہ فرمان کے استعفیٰ کے بعد سے یہ عہدہ گزشتہ چھ ماہ سے خالی تھا، خیبرپختونخوا کا گورنر نہ ہونے کے بعد وفاق نے خیبرپختونخوا کا نیا گورنر تعینات کا فیصلہ کیا۔ جس پر پی ڈی ایم کی جماعتوں نے جے یو آئی کے حاجی غلام علی کے نام پر اتفاق کیا۔

حاجی غلام علی مولانا فضل الرحمان کے سمدھی ہیں اور پشاور کے ناظم بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان کے بیٹے زبیر علی پشاور کے میئر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔