بینک اکاؤنٹ استعمال کرنیوالوں کی تعداد 13 کروڑ تک جاپہنچی

بزنس رپورٹر  جمعرات 24 نومبر 2022
50ہزارسے زائد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھل چکے، ڈیٹا تحفظ کیلیے کام کررہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

50ہزارسے زائد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھل چکے، ڈیٹا تحفظ کیلیے کام کررہے ہیں ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک میں 13کروڑ صارفین بینک اکاؤنٹس استعمال کررہے ہیں اور ہر تین میں سے ایک اکاؤنٹ خاتون کا ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں فن ٹیک فورم سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل مالیاتی خدمات سے صارفین کو بینکاری میں آسانیاں مل رہی ہیں، امید ہے کہ اس فورم سے بھی نئے فنانشل ڈیجیٹلائزیشن آئیڈیاز جنم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے لیے کام کررہا ہے،2014 میں اسٹیٹ بینک نے ای پیمنٹ پر کام شروع کیا،2022 میں ڈیجیٹل لائسنس کا آغاز کیا،نادرا کے ساتھ بایومیٹرک فیچر پر کام کیا،موبائل کے ذریعے بایومیٹرک اپڈیٹ سروس کو شروع کیا گیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بھی اسٹیٹ بینک کی کاوش ہے،اب تک50 ہزارسے زائد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھل چکے ہیں،راست سروس کا آغاز بھی اسٹیٹ بینک نے کیا، جو فنڈ ٹرانسفر کا سب سے جدید طریقہ کار ہے، راست ملک میں فنانشل سروس کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا،صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت سب سے اہم ہے جس کے لیے اسٹیٹ بینک تمام بینکوں کے ساتھ کام کررہا ہے۔

گورنر نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے سی ڈی ڈی سیز ڈیجیٹل کرنسی کا بھی آغاز کیا، ساتھ ہی ٹرانزیکشن چارجز میں بھی کمی کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔