پی ٹی آئی 26 نومبر ہی کو دھرنا ختم کرنے کی پابند ہوگی، راولپنڈی انتظامیہ

ویب ڈیسک  جمعـء 25 نومبر 2022
شرائط کو بطور تحریری معاہدہ لیا جائے، انتظامیہ (فوٹو فائل)

شرائط کو بطور تحریری معاہدہ لیا جائے، انتظامیہ (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: راولپنڈی انتظامیہ  نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو 26 نومبر کو  ہی دھرنا ختم کرنے کی مشروط اجازت دی ہے۔ پی ٹی آئی 26 نومبر ہی کو مجمع ختم کرنے کی پابند ہوگی۔ شرائط کو بطور تحریری معاہدہ لیا جائے۔

پی ٹی آئی کی طرف سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی نے معاہدے پر دستحط کیے ہیں۔ 56 شرائط پر مبنی مسودے پر رضامندی کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق سخت شرائط حساس تنصیبات اور قائدین کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تیار کی ہیں۔ جلسہ انتظامیہ جلسہ گاہ کے سوا کسی عمارت کی حدود میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ پی ٹی آئی کو پابند کیا ہے کہ صرف جلسہ ہوگا اور 26 کو ہی ختم ہوگا۔ جلسہ کی رات کو علامہ اقبال پارک میں کسی کارکن کو ٹھہرایا نہیں جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں اسلام آباد انتظامیہ کا عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈ گراؤنڈ میں لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار

شرائط میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ ساؤنڈ سسٹم ساؤنڈ ایکٹ کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔ ساؤنڈ سسٹم اذان کے وقت بند کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی قیادت رضارکاروں کو داخلی راستوں پر تعینات کرے گی۔ رضاکاروں کے پاس سکیورٹی جیکٹس اور بیجز موجود ہوں جب کہ خواتین کارکنان کی تلاشی کے لیے لیڈی رضاکار اور ویمن پولیس موجود ہو گی۔

علاوہ ازیں جلسہ گاہ میں اسلحہ اور آتش بازی پر مکمل پابندی ہو گی۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے ٹریفک پولیس سے تعاون کیا جائے گا۔ پولیس اور انتظامیہ تھریٹس الرٹ وقتاً فوقتاً بتاتے رہیں گے۔ اسٹیج اور شرکا کے درمیان فاصلہ 80 فٹ سے کم نہیں ہونا چاہیے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سوا کسی کو سکیورٹی زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

شرائط  میں کہا گیا ہے کہ اداروں اور عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی ہو گی۔ کسی دوسری سیاسی جماعت کا جھنڈا نذرآتش نہیں کیا جائے گا۔ جلسہ گاہ کے اطراف کسی قسم کی وال چاکنگ نہیں کی جائے گی۔ پنڈال میں پراپر لائٹنگ کا بندوست کیا جائے گا۔ جلسہ انتظامیہ تمام جلسے کی ویڈیو ریکارڈنگ ایڈٹ کیے بغیر مہیا کرنے کی پابند ہو گی۔ جلسہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وی آئی پیز کی سکیورٹی کے ذمے دار ہوں گے۔ شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں جلسہ آرگنائزر کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔