7 ماہ بعد اسٹیبلشمنٹ سے روابط بحال کرنے لگا ہوں، شیخ رشید

ویب ڈیسک  جمعـء 25 نومبر 2022
13 سیاسی جماعتوں کی سیاسی قبر کھودی جاچکی ہے، شیخ رشید (فوٹو فائل)

13 سیاسی جماعتوں کی سیاسی قبر کھودی جاچکی ہے، شیخ رشید (فوٹو فائل)

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 7 ماہ بعد اسٹیبلشمنٹ سے روابط بحال کرنے لگا ہوں۔

لال حویلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ آج نئی صبح، نئی سیاست، نیا آغاز جاری، جوڈو کراٹے ختم۔ تمام سیاسی جماعتوں نے آرمی چیف کو میرے سمیت مبارک باد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کل 12 بجے لال حویلی سے نکلیں گے، مری روڈ جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپریل مئی میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، اس کے سوا کوئی حل نہیں، اگر کسی کے پاس حل ہے تو سامنے آئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئے اور اسحاق ڈار ناکام ہوگئے۔ راولپنڈی میں سیاست کی نئی تاریخ مرتب ہونے جارہی ہے۔ عمران خان کل جو اعلان کریں گے، اس پر عمل ہوگا۔آرمی قیادت کی تبدیلی کا سب نے خیرمقدم کیاہے۔ جنرل باجوہ نے بھی کہا کہ معاشی حالات بہت سنگین ہیں۔عمران خان نے بہترین فیصلہ کیا، صدر مملکت نے بروقت بہترین فیصلہ کیا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ دھرنے اور جلسے کا فیصلہ عمران خان کا ہوگا۔ حکومت مکمل ناکام اور غریب دشمن ہے۔ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔ عمران خان عوام کی سپورٹ ہی سے معاشی مسائل حل کر سکتا ہے۔ پاکستان ڈیفالٹ کے قریب ہے۔کل مارچ کے بعد ہم الیکشن کی تیاری شروع کریں گے۔ 13 سیاسی جماعتوں کی سیاسی قبر کھودی جاچکی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 7 ماہ سے میرا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ نہیں۔اب میں فعال ہونے لگا ہوں، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ فوج سیاست سے دور ہوتی جارہی ہے۔ 13 جماعتی پارٹیاں بھی دفع دور ہونے جارہی ہیں۔ نیب کیسز بحال ہوں گے۔ ان سب نے دوبارہ جیل جانا ہے۔ راولپنڈی  چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔