10 فٹ لمبا اژدھا 5سالہ بچے کو جکڑکر سوئمنگ پول میں لے گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 25 نومبر 2022
اژدھے کے حملے کا نشانہ بننے والے بچے کا گھر جنگل کے کنارے پر ہے:فوٹو:سوشل میڈیا

اژدھے کے حملے کا نشانہ بننے والے بچے کا گھر جنگل کے کنارے پر ہے:فوٹو:سوشل میڈیا

کینبرا: آسٹریلیا میں 10 فٹ لمبا اژدھا 5 سال کے بچے کو جکڑ کر سوئمنگ پول میں لے گیا۔

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلزکے علاقے بائرن بے کے ایک گھرمیں سوئمنگ پول کے قریب کھیلتے 5 سالہ بچے کو چھوٹی گاڑی کے سائز کے برابر جسامت رکھنے والے اژدھے نے ڈسنے کے بعد جکڑ لیا اور کھینچتا ہوا سوئمنگ پول میں لے گیا۔

بچے کے 75 سالہ دادا نے صورتحال دیکھ کر سوئمنگ پول میں چھلانگ لگا دی اور بچے کو گھیسٹ کر سوئمنگ پول سے نکالا۔ اس دوران اژدھا بچے کے جسم سے لپٹا رہا۔بچے کے والد اور دادا بہت مشکل سے بچے کو اژدھے کے چنگل سے چھڑانے میں کامیاب ہوئے۔

بچے کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جنگل گھر کے بالکل ساتھ واقع ہے اوراژدھا کسی جانور کو شکار کرنے کے لیے گھات لگائے بیٹھا تھا کہ بچہ وہاں پہنچ گیا۔

سانپ کے ڈسنے اور جکڑنے سے زخمی بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تسلی بخش ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔