ناقابل شکست بھارت کی نگاہیں ٹاپ پوزیشن پر مرکوز

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 30 مارچ 2014
بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف میچ سے فاتحانہ آغاز کرنے کے بعد دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو بھی آؤٹ کلاس کیا  فوٹو : فائل

بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف میچ سے فاتحانہ آغاز کرنے کے بعد دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو بھی آؤٹ کلاس کیا فوٹو : فائل

میر پور: آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 میں اب تک ناقابل شکست بھارتی ٹیم کی نگاہیں گروپ ٹو میں ٹاپ پوزیشن پر مرکوز ہیں،تینوں میچز میں فتوحات حاصل کرنے والی دھونی الیون نے کینگروز کو اسپن کے جال میں الجھانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں۔آسٹریلوی ٹیم ایونٹ میں بقاکی موہوم سی امید زندہ رکھنے کیلیے میدان میں اترے گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم نے پاکستان کے خلاف میچ سے فاتحانہ آغاز کرنے کے بعد دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو بھی آؤٹ کلاس کیا، بلو شرٹس میزبان بنگال ٹائیگرز کو روند کر سیمی فائنل میں قدم رکھ چکے،اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کی صورت میں انھیںگروپ ٹو کی ٹاپ سائیڈ بننے کا اعزاز حاصل ہوجائے گا، سپر 10 مرحلے میں بھارت واحد ٹیم ہے جس کے بولرز نے کسی بھی حریف کو 140کا ہندسہ پار کرنے کا موقع نہیں دیا،2 مقابلوں کے مین آف دی میچ امیت مشراکی گھومتی گیندیں بیٹسمینوں کو چکراتی رہیں تو دیگر اسپنرز اور پیسرز نے بھی موثر حکمت عملی و فیلڈنگ کے مطابق بولنگ کرتے ہوئے کسی کو کھل کر اسٹروکس کھیلنے کا موقع فراہم نہیں دیا،آسان اہداف کے تعاقب میں بیٹنگ لائن نے بھی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا،ویرات کوہلی نے147رنز بنائے،روہت شرما نے 142جوڑے، جس کے بعد ٹاپ آرڈر کو زیادہ محنت کا موقع نہیں مل سکا۔

دوسری طرف فتح کو ترستے آسٹریلیا کیلیے ایک موہوم سی امید ہی باقی بچی ہے، بنگلہ دیش کی پاکستان کیخلاف فتح کی صورت میں اعداد و شمار کینگروز کیلیے پیش قدمی کے امکانات پیدا کرسکتے ہیں،گرین شرٹس کی فتح آسٹریلوی شائقین کو مایوسی میں دھکیل دے گی،کینگروز بیٹنگ لائن کی پرفارمنس مناسب رہی،ایرون فنچ اور گلین میکسویل نے بولرز کی درگت بنائی لیکن ناقص بولنگ اور فیلڈنگ کی وجہ سے ناکامی گلے کا ہار بنی، بہتر حکمت عملی نہ اپنانے پر کپتان جارج بیلی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شمار کی جانے والے آسٹریلیا کو ساکھ کی بحالی کیلیے اس بار نئے عزم اور پلان کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔