کراچی میں شہری سے ڈاکو 50 ہزار ڈالر چھین کر فرار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 25 نومبر 2022
شہری بینک سے ڈالر لے کر نکلا تھا۔

شہری بینک سے ڈالر لے کر نکلا تھا۔

 کراچی: بوٹ بیسن کے علاقے میں ڈاکو شہری سے پچاس ہزار امریکی ڈالر چھین کر فرار ہوگئے ، شہری بینک سے ڈالر لے کر نکلا تھا۔

ذوالفقار علی نامی شہری نے واقعے سے پولیس حکام کو آگاہ کیا ، پولیس حکام نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 730/22 بجرم دفعہ 392/397/34 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق کلفٹن بلاک فائیو کا رہائشی ذوالفقار علی نامی شہری بیرون ملک سے چند روز قبل وطن واپس پہنچا تھا ، اس نے اپنے اکاؤنٹ کے بارے میں معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ اکاؤنٹ بند ہوگیا جس پر اس نے اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

بینک نے پراسس کرکے چوبیس نومبر کو اسے بینک بلا کر 49 ہزار 964 امریکی ڈالر دے دیے۔ وہ اپنی گاڑی میں بینک سے رقم لے کر نکلا اور گھر پہنچا ہی تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان پہنچ گئے اور اسلحے کے زور پر اس سے نہ صرف اس کے امریکی ڈالر بلکہ پاکستانی پچاس ہزار روپے ، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ، جلد ہی ملزمان گرفتار کرلیے جائیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔