بالی ووڈ اداکارہ کو انڈین فوج کے پاکستان مخالف بیان پر طنزیہ ٹویٹ مہنگی پڑگئی

ویب ڈیسک  جمعـء 25 نومبر 2022
فوٹو: انسٹاگرام

فوٹو: انسٹاگرام

 ممبئی: بھارت کی معروف اداکارہ رچا چڈہ کو انڈین فوج کے کمانڈر کی جانب سے پاکستان مخالف بیان پر طنزیہ ٹویٹ سے قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔

حال ہی میں انڈین وزیر دفاع اور انڈیا کی فوج کے نادرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دیودی کی جانب سے ایک بیان دیا گیا ہے جس میں وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر قبضہ کرنے کی صلاحیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ان کے اس بیان کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے، بیشتر انڈیا صارفین نے اس جرات اور بہادری کی مثال کے طور پر شیئر کیا وہیں چند صارفین نے انڈیا کو حقیقی دنیا میں حقائق بھی یاد کروائے۔

 

بالی وڈ اداکارہ رچا چڈہ نے انڈیا فوجی افسر کے بیان پر انھیں آئینہ دکھانے کی کوشش کی جس کی وجسہ سے وہ مشکل میں پڑ گئی ہیں۔

 

نامور اداکاروں اور ہدایت کاروں سمیت سوشل میڈیا صارفین اُن کے تبصرے پر انھیں ایک طرف ٹرول کر رہے ہیں تو دوسری طرف حسب عادت چند صارفین انھیں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی  کی ’ایجنٹ‘ اور ’غدار‘ جیسے القابات سے نواز رہے ہیں۔

اس بیان پر بالی وڈ اداکارہ رچا چڈہ نے تبصرہ کرتے ہوئے انڈین فوج کو چین کے ساتھ لداخ کی وادی گلوان میں سنہ 2020 میں ہونے والی خونی جھڑپ یاد کرواتے ہوئے لکھا کہ ’گلوان آپ کو سلام کہہ رہا ہے‘۔ 

 

Richa Tweet

 

15 جون 2020 کی شب انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان لداخ میں ہونے والی اس جھڑپ میں 20 انڈین فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کے بعد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی اپنے عروج کو پہنچ گئی تھی۔

جب رچا چڈہ کی جانب سے گلوان یاد کروانے والی طنزیہ ٹویٹ ہوئی تو فوراً سے سوشل میڈیا صارفین اور بالی وڈ کی دیگر شخصیات نے ان کی ٹرولنگ شروع کرتے ہوئے ان کی ٹویٹ کو ’شرمناک‘ اور انھیں ’غدار‘ قرار دینا شروع  کر دیا۔

بالی وڈ کے سپر سٹار اکشے کمار نے انھیں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دیکھ کر دکھ ہوا، کسی بھی حالت میں ہمیں اپنی مسلح افواج کی طرف ناشکرے نہیں ہونا چاہیے۔ وہ ہیں تو آج ہم ہیں‘۔

انڈین فلم ساز اشوک پنڈت نے ممبئی کے جوہو پولیس تھانے میں رچا چڈہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست بھی جمع کروا دی۔

واضح رہے کہ اداکارہ رچا چڈہ نے بالی وڈ کے مسلمان اداکار علی فاضل سے شاری کر رکھی ہے اور صارفین انھیں اس حوالے سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

پاکستان کا ردعمل

پاکستان کی جانب سے بھی انڈیا کی فوج کے نادرن کمانڈر کے غیر ذمہ دارانہ اور بلند و بانگ دعوے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی سنہ 2019 میں بالاکوٹ واقعے کا ذکر کیا۔

آئی ایس پی آر نے بھی اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’انڈین فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے، انڈین فوج غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، انڈین فوجی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔