چین؛ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 25 نومبر 2022
حادثے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: فائل

حادثے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: فائل

بیجنگ: چین کے شہر سنکیانگ میں ایک بلند و بالا رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے خود مختار علاقے سنکیانگ میں ایک رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔ رہائشی اپنی جانیں بچانے کے لیے کھڑکیوں سے کود پڑے۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران 20 سے زائد افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں طبی امداد کے دوران 10 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے جب کہ 9 افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی طبی امداد دینے کے باوجود دس افراد کو نہیں بچایا جا سکا۔ 9 زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہے جب کہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد جانے کی اجازت دیدی گئی۔

تاحال رہائشی عمارت میں آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ مقامی حکومت کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے ہی وسطی چین کے شہر انیانگ کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی سے 38 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔