پی ٹی آئی مارچ، راولپنڈی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

جمیل مرزا  جمعـء 25 نومبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 راولپنڈی: تحریک انصاف لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری ہونے والے ہنگامی الرٹ کے بعد چاروں اسپتالوں میں پہلے سے طے آپریشن موخر کردیے جبکہ تمام سرجن ڈاکٹر اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ہر صورت ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اسپتالوں کے آپریشن تھیٹر کو ایمرجنسی کے لیے استعمال کیا جائے گا جبکہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں بیڈز کی گنجائش کو بڑھا دیا گیا ہے اور ادویات، ضروری آلات، بلڈ بینک میں تمام گروپ کا بلڈ جمع کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی مارچ میں 7 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ

ڈپٹی کمشنر کے حکم نامے کی روشنی میں ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر معاون عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں ہیں جبکہ چاروں ہسپتالوں میں ایمبولینس سروس دستیابی کو یقینی بنانے کیلیے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

بینظیر بھٹو جنرل اسپتال کے آفیسر وارڈ خالی کرالیا گیا ہے، اسپتالوں میں مسلسل رہنے والے ڈاکٹرز اور عملے کو عارضی رہائش گاہ پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سینٹرل آکسیجن سسٹم کے مکمل فعال ہونے اور سلنڈرز میں آکسیجن کی موجود گی یقینی بنادی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو فیض آباد پر دھرنے کی اجازت، دارالحکومت کے راستے سیل

بینظیر بھٹو جنرل اسپتال، ہولی فیملی اسپتال ایمرجنسی الرٹ پر رہیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، یورا لوجی انسٹی ٹیوٹ بھی ایمرجنسی الرٹ پر ہونگے۔

اسے بھی پڑھیں: عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، کل پنڈی جلسہ ملتوی کردیں، وزیر داخلہ

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پنڈی جلسے کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا پروگرام منسوخ کردے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔