علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 27 نومبر 2022
 28نومبر تا 4 دسمبر 2022

28نومبر تا 4 دسمبر 2022

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا 20 اپریل
پہلے دو ایام ممکن ہے مکان، پراپرٹی اور زمین سے متعلق کوئی فائدہ ہو، اسٹاک ایکسچینج یا آن لائن کسی بزنس میں لگایا ہوا پیسہ ممکن ہے بدھ اور جمعرات کے ایام میں متوقع فائدہ نہ دے۔ ان ایام میں ان امور سے متعلق محتاط رہیں۔ ورنہ فائدہ ہوتے ہوتے یا ہوکے نقصان ہوسکتا ہے۔ آپ کے مزاج میں تذبذب حاوی رہ سکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
آپ نے جس خطرے میں کود پڑے ہیں امید ہے اس کا نتیجہ آپ کے ہی حق میں آئے گا۔ وراثتی کیس جو ایک عرصے سے جاری تھا دو بزرگ افراد کی مداخلت سے حل ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ پیر اور منگل کو اس سلسلے میں اہم رابطے ہوسکتے ہیں۔ وہ افراد آپ کے لیے خاصی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں جنہیں اس سے قبل آپ اس اہل نہیں سمجھ رہے تھے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ عطارد خود سے ساتویں مقام پر ہے۔ اسے مخالف کا محل بھی کہا جاتا ہے۔ شریکِ حیات اور کاروباری شراکت دار بھی اسی مقام سے دیکھتے ہیں اور مارکیٹنگ کے جملہ شعبہ جات کا تعلق بھی اسی مقام سے ہے۔ اس ہفتے کاروبار اور بزنس کے حوالے سے بہتری کے امکان ہیں اگرچہ کچھ مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ یہ مشکل بھی اچھے نتائج لائے گی ازدواجی زندگی میں کسی تیسرے کی موجودگی مسائل جنم دے سکتی ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
آپ کے بزنس کا نمائندہ مشتری جو کہ بیرون ملک یا دوردراز کے علاقوں تک رسائی کے مقام پر موجود ہے لیکن الٹا چل رہا تھا جو کہ مذکورہ امور میں ناقابلِ سمجھ وجوہات کی بنا پر تعطل اور الجھنوں کا شکار تھا اور آپ کو محسوس ایسا ہورہا ہوگا کہ وہی تسلسل جاری ہے، لیکن اب مشتری سیدھا ہوچکا ہے، اب مفید رابطے اور راہیں سامنے آئیں گی جو ایک بہتر دور کی سمت لے چلیں گی۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
مریخ آپ کے مقدر کا سیارہ ہے جوکہ امید، بڑے بھائی اور بڑی عمر کے دوستوں کے امور کو متحرک کررہا ہے۔ یہیں سے آپ کے ستارے شمس کو دیکھ رہا ہے۔ یہ ایک بہتر وقت ہے کوئی لاٹری نکلنے جیسا کام ہوسکتا ہے۔ کوشش کریں کہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کسی ایسے راستے کا انتخاب نہ کریں جو بعض میں گلے میں ہڈی کا روپ دھار لے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
زہرہ و عطارد چوتھے خانے میں موجود ہیں۔ مکان میں نئی تعمیر، سواری کا حصول، نیا مکان یا بزنس کی جگہ تبدیل یا بہتر ہوسکتی ہے۔ کچھ الجھاؤ اور آپ کے وقار پر کچھ دباؤ ہوسکتا ہے۔ مریخ آپ کے قرض اور غیرمتوقع مسائل کا نمائندہ ہے۔ کسی سے تلخی سے گریز کریں پہلی اور دو دسمبر کو لیپ ٹاپ، سواری یا اور کوئی ایسے شے جو گھر کی خوب صورتی میں اضافہ کرتی ہے، اس میں کوئی خرابی ہوسکتی ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
بزنس یا ملازمت میں وہ مسائل جو ایک عرصے سے دردِسر بنے ہوئے تھے اس ہفتے ایسا لگتا ہے کہ آپ اس مسلسل خرابی کو دور کرنے کی ٹھان چکے ہیں۔ مسلسل منفی حالات انسان میں ایک توانائی بھی بھر دیتے ہیں لیکن کوشش کریں کہ اس میں زیادہ جذباتی نہ ہوں۔ شریکِ حیات سے جو ذہنی دوری تھی امید ہے اس کا حل بھی نکل آئے گا ۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
اس سے بہتر ہفتہ کیا ہوسکتا ہے، سوائے آپ کی صحت کے اچانک خراب ہونے کے اور کوئی بڑی الجھن نظر نہیں آتی۔ اولاد کے خواہش مند افراد خوشی کی خبر سن سکتے ہیں۔ تعلیمی میدان میں آپ کوئی بڑی کام یابی سمیٹ سکتے ہیں یا ایسا بھی ممکن ہے کہ کوئی اچانک بڑا مالی فائدہ ہوجائے۔ یہ اچانک سے مراد ایسا راستہ جس کی آپ کو زیادہ یا بالکل توقع نہ تھی۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کا سیارہ رجعت سے نکل آیا ہے۔ رجعت (یعنی سیاروں کا الٹا سفر) ایسے وقت میں سامنے پڑی شے دکھائی نہیں دیتی اور مسائل کا معمولی حل جوئے شیر لانے کے مترادف ہوجاتا ہے، لیکن اب وہ وقت گیا اور آپ مکان یا زمین کے حصول کے سلسلے میں جن مسائل کا شکار تھے وہ اب آرام سے حل ہوتے نظر آتے ہیں۔ مکان وراثتی بھی ہوسکتا ہے۔ 29 نومبر کو کسی سفر میں ایک اچھے انسان سے ملاقات ہوسکتی ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
بڑی مالی کام یابیاں ملنے کا راستہ کھل جائے گا۔ بیرون ملک کسی ادارے میں لگایا ہوا پیسہ کچھ ذہنی مشقت کے بعد اچھا فائدہ دے گا۔ سفر یا آن لائن ایک ایسے شخص سے ملاقات ہوسکتی ہے جو دنیاداری سے کٹا ہوا ہو لیکن آپ کے لیے چراغ مثل ثابت ہوسکتا اور مشورے دے سکتا ہے۔ مکان یا والدہ کے حوالے سے کچھ الجھنیں ہوسکتی ہیں۔ اپنے معدے کا بھی خیال رکھیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
آپ کے خانۂ مال میں مشتری، نیپچون اور چاند کا قران کسی بڑے مالی فائدے کی نوید سنا رہا ہے۔ آپ کے دوستوں سے وابستہ امیدیں کچھ خرابیوں کے باوجود پوری ہوتی نظر آتی ہیں۔ بچوں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، کیوںکہ مریخ بخار اور زہریلے اثرات کو جنم دے سکتا ہے۔ ایسے میں چوٹ بھی لگ سکتی ہے۔ صدقہ دیں اور بچوں کو اپنی نگرانی میں رکھیں۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
گذشتہ ہفتے ہی آپ کے کیریئر میں ستاروں کی جگمگ جگمگ ہوچکی ہے۔ ایسے وقت میں چاند کا طالع میں آپ کے سیارے نیپچون اور مشتری سے قران بتاتا ہے کہ کسی بزرگ کی دعا یا مقدر کی خوبی آپ کے وقار میں اضافہ کرسکتی اور بزنس اور ترقی دلاسکتی ہے۔ نیند کچھ متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کی وجہ مسلسل سوچیں اور سفر ہوسکتا ہے۔ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔