کہاں ہو رانا ثنا اللہ سامنے آؤ، شیخ رشید احمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 نومبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج یہاں عوام کا ایک سمندر دیکھ رہا ہوں جو آپ کو اٹھاکر لے جائے گا، کہاں ہو رانا ثنا اللہ سامنے آؤ۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج یہاں عوام کا ایک سمندر دیکھ رہا ہوں جو آپ کو اٹھاکر لے جائے گا، میں نے آٹھ ماہ تک اپنی زبان بند رکھی، فوج بھی میری ہے اور عدلیہ بھی میری ہے مجھے پاک فوج پر فخر ہے، رانا ثنا اللہ کہاں ہو سامنے آؤ۔

انہوں ںے کہا کہ ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے، اسحاق ڈار غلط بیانی کررہے ہیں ملکی معیشت ڈوب رہی ہے، سامراج کے غلاموں کے آنے سے ملک تباہ ہوگیا، جب معیشت تباہ ہوجاتی ہے تو ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے، آج والدین کے پاس بچوں کے اسکولوں کی فیسیں دینے کے لیے پیسے نہیں، مہنگائی کی وجہ سے لوگ آج بل ادا نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ چوروں کے گینگ سے ہماری لڑائی ہے، ایک ایک ایم این اے کی قیمت لگاکر عمران خان کی حکومت گرائی گئی، فوج کا سیاست سے دور رہنا خوش آئند ہے۔

قبل ازیں اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن حقیقی آزادی کا دن، ملک کی غلامی سے آزادی کی سیاسی تاریخ مرتب کرنے کا دن ہوگا، ایک جم غفیر کے ہمراہ راشد شفیق کے ہمراہ لال حویلی سے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے معیشت کو تباہ کیا، سامراجی دباؤ میں لائے اور مہنگائی کے اصل مجرم ہیں، وہ دہشت گرد جو وزارت داخلہ سے روز ڈرا اور دھمکا رہا ہے سن لے کہ ہم آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان کا ایمان ہے کہ موت کا ایک دن معین ہے، وہ لوگ جنہوں نے معیشت کو قومی سلامتی کے لیے سوالیہ نشان بنا دیا ان کے خلاف سیاسی اعلان جنگ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔