کراچی، پولیس اہلکار سمیت 2 افراد کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 26 نومبر 2022
ملزم زاہد کے 2 ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں، پولیس (فوٹو فائل)

ملزم زاہد کے 2 ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں، پولیس (فوٹو فائل)

 کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں چھاپہ مارکر پولیس اہلکار سمیت 2 افراد کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزم زاہد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ کے قریب 19 اکتوبر کو بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہری شکیل سے 4 لاکھ روپے چھین لیے جبکہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے مذکورہ شخص کو زخمی کردیا۔

فائرنگ کی آواز سن کر شاہین فورس کا اہلکار نہال موقع پر پہنچ کر ملزمان کو للکارا ملزمان نے فرار ہونے کے لیے پولیس اہلکار کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کردیا جبکہ ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ موقع سے فرار ہوگیا۔

بعدازاں زخمی پولیس اہلکار سمیت دونوں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخمیوں نے دم توڑ دیا۔

واقعے کے وقت ملزم بھی بینک میں موجود تھا جس نے تعاقب کرکے شکیل سے رقم چھین لی، بینک کی سی سی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہےجبکہ ملزم زاہد کے 2 ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔