کراچی میں 2روزہ ادبی میلے کا انعقاد

عائشہ خان  ہفتہ 26 نومبر 2022
فوٹو: ایکسپریس

فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: فریئر ہال کراچی میں “موسمیاتی بحران”کے عنوان سے 2روزہ ادبی میلے کا انعقاد کیاگیا۔

ادب فیسٹیول میں 100 مقررین اور فنکاروں نے شرکت کی، ادب فیسٹیول کے پہلے روز 7 کتابوں کی رونمائی سمیت 30 مختلف سیشنز رکھے گئے تھے۔

ادب فیسٹول کے باقاعدہ آغاز میں ہر عمر کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیشنز کی اہمیت کے پیش نظر شرکاءایک سیشن سے دوسرے سیشن میں انتہائی دلچسپی لیتے ہوئے نظر آئے تاکہ وہ اپنے پسندیدہ مقررین اور مصنفین کی گفتگو سے مستفید ہو سکیں۔

فیسٹول میں حبیب یونیورسٹی کے طلباءنے تمام سیشنز میں خصوصی شرکت کی اس کے علاوہ فیسٹول میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی نہایت جوش و خروش سے شریک ہوئی۔

ادب فیسٹول کے صبح کے سیشن کا آغاز قومی ترانہ بجاکر کیا گیا جس کے بعد ادب فیسٹول کا ترانہ پیش کیا گیا جب کہ ادب فیسٹول کی بانی اور ڈائریکٹر امینہ سید اورڈائریکٹر اور بانی ادب فیسٹول شمع عسکری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

اس موقع پر زہرہ نگاہ‘ عامر رمضان کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل ‘ واصف رضوی صدر حبیب یونیورسٹی ‘ ماریہ رحمن اورشیری رحمن نے خطاب کیا ‘ بعد ازاں طارق سکندر قیصر نے شرکاءسے اپنا کلیدی خطاب کیا۔

فیسٹول کے پہلے دن ڈاکٹر تنویر انجم کو اردوکی خدمات پر ادب فیسٹول /انفاق فاﺅنڈیشن پرائز2022سے نوازا گیا۔ فیسٹیول میں  شیما کرمانی نے رقص بھی پیش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔