تحریک انصاف کے استعفوں کے بعد 563 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  اتوار 27 نومبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے استعفوں کے بعد 563 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، عمران خان عوام کے اعتماد کی وجہ سے الیکشن میں جارہے ہیں۔

فواد چوہدری نے رانا ثنا اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کل 859 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہوتے ہیں، تحریک انصاف کے استعفوں کے نتیجے میں قومی اسمبلی کی 123، پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں، خیبر پختونخواہ کی 115 نشستوں ، سندہ اسمبلی کی 26 اور  بلوچستان کی دو نشستوں یعنی کل 563 نشستوں پر عام انتخابات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نام پر رانا ثنااللہ اینڈ کمپنی کو پسینے کیوں آ رہے ہیں، عمران خان کا عوام پر اعتماد ہے اس لیے اپنی حکومتیں تحلیل کر کے انتخابات میں جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے علاوہ کوئی اور طریقہ ملک میں سیاسی استحکام نہیں لا سکتا۔ انہوں نے پی ڈی ایم جماعتوں کو پیش کش کی کہ آئیے انتخابات کی طرف بڑھیں، اب گھوڑا بھی ہے اور میدان بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔