قائم علی شاہ بدستور وزیراعلیٰ سندھ رہیں گے، پیپلز پارٹی قیادت

اسٹاف رپورٹر  اتوار 30 مارچ 2014
وزیراعلیٰ سندھ کی کارگردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار، بلاول، زرداری کی سینئر رہنمائوں سے مشاورت۔
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ کی کارگردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار، بلاول، زرداری کی سینئر رہنمائوں سے مشاورت۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت  نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی کارگردگی پرمکمل اطمینان کااظہارکیا ہے۔

واضح کیا ہے کہ قائم علی شاہ بدستور  وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے،ان کی تبدیلی کاکوئی فیصلہ یامعاملہ زیرغورنہیں ہے ،پارٹی قیادت ان پرمکمل اعتمادکرتی ہے،ذرائع کاکہنا ہے کہ بلاول ہائوس میں ہفتے کو پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اورشریک چیئرمین آصف  زرداری نے پارٹی کی سینئر رہنمائوں سے مشاورت کی ،اس مشاورت میں ملک کی مجموعی صورتحال ،پارٹی امور اور سندھ حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے اس مشاورت میں پارٹی قیادت نے اتفاق کیا کہ مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھا جائے گا ، اس مشاورت میں واضح کیا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی کارگردگی سے پارٹی قیادت مطمن ہے اور وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی گئی ہے وہ سندھ میں عوام کے مسائل کے لیے بھرپور اقدامات کریں،قبل ازیں بلاول ہائوس میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے کراچی ڈویژن کے صدر قادرپٹیل نے ملاقات کی ،اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے ،انھوں نے کراچی میں پارٹی کے تنظیمی امور پر بریفنگ دی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔