پی ٹی آئی کا صوبائی اسمبلیوں سے استعفیٰ بر وقت فیصلہ ہے، فیاض الحسن

ویب ڈیسک  اتوار 27 نومبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے عمران خان کے بیان پر کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا صوبائی اسمبلیوں سے استعفیٰ بر وقت فیصلہ ہے۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے نے بونے اور چور ڈاکوؤں کے پاؤں تلے سے زمین کھینچ لی ہے، بڑے لیڈر نے بڑا فیصلہ کر کے امپورٹڈ حکومت کی سب چالوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات راولپنڈی کی عوام نے اپنے لیڈر کا تاریخی استقبال کیا ہے، لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ عمران خان کا موازنہ ان بونے سیاستدانوں سے نہیں کیا جا سکتا۔

مزید پڑھیں؛ عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو بچانے کے لیے فوری الیکشن نا گزیر ہے لیکن کرائے کے حکمران الیکشن میں آنے سے بھاگتے ہیں کیونکہ ان کو پتا ہے کہ الیکشن میں انہیں رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملنا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں جلسے سے خطاب میں صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ اب ہم نے اس نظام کا حصہ نہ رہنے اور اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی تاریخ کا اعلان پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔