آرمی چیف کے اثاثوں سے متعلق اعدادو شمار گمراہ کن ہیں، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  اتوار 27 نومبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اعداد و شمار کو گمراہ کن قرار دے دیا۔

آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ گمراہ کن اعداد و شمار مفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک خاص گروپ نے نہایت چالاکی و بددیانتی کے ساتھ جنرل باجوہ کی بہو کے والد (سمدھی) اور فیملی کے اثاثوں کو آرمی چیف اور خاندان سے منسوب کیا، یہ سراسر غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے آرمی چیف جنرل باجوہ کے چھ سالہ دور میں ان کے سمدھی کی اہل خانہ نے بنائے۔

یہ قطعی طور پر حقائق کے منافی اور کھلا جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ان کی اہلیہ اور خاندان کا ہر اثاثہ ایف بی آر میں باقاعدہ ڈکلیئرڈ ہے، آرمی چیف و خاندان باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ہر شہری کی طرح آرمی چیف اور ان کی فیملی ٹیکس حکام کے سامنے اپنے اثاثہ جات سے متعلق جواب دہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔