زمین کی خریداری میں بدعنوانی، ڈی سی مٹیاری نے 2.37 ارب روپے غائب کردیے

ویب ڈیسک  اتوار 27 نومبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 کراچی: سندھ کے میگا منصوبے ایم 6 میں کرپشن کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، این ایچ اے کی طرف سے زمین کی خریداری کیلئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری کو دی گئی رقم کا بڑا حصہ غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 ارب روپے میں سے 2 ارب 37 کروڑ روپے غائب ہیں جبکہ دوسری جانب ڈی سی مٹیاری عدنان راشد نے رقم کی واپسی کلین چٹ سے مشروط کردی۔

گرفتار ڈی سی مٹیاری عدنان راشد نے تفتیش کے دوران کہا ہے کہ غائب رقم کی تفصیلات بھی بتا دوں گا، ڈی سی مٹیاری نے تفتیشی حکام سے سوال کیا کہ پیسے دینے کو تیار ہوں لیکن مجھے کلین چٹ کیسے دلائیں گے؟ مجھے سیف ایگزٹ چاہیے، ڈپٹی کمشنر نے رقم واپسی کے لئے شرط رکھ دی ہے۔

گرفتار ڈپٹی کمشنر سے اینٹی کرپشن سندھ تحقیقات کررہی ہے جب کہ اینٹی کرپشن کے پاس نیب جیسے قوانین نہ ہونے کی وجہ سے 2 ارب 37 کروڑ روپے کی رقم کی واپسی کیلئے اینٹی کرپشن پریشانی کا شکاری ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اب تک پرانے قوانین پر کام چل رہا ہے، اگر نیب جیسے اختیارات مل جائیں تو رقم کی واپسی میں بھی آسانی ہوگی۔

یاد رہے کہ ایم 6 منصوبے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد ڈی سی مٹیاری کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ڈی سی نوشہرو فیروز اس کیس میں مفرور ہیں، نیب نے ایم 6 منصوبے کے راستے میں آنے والے سات اضلاع سے تفصیلات طلب کر رکھی ہیں دوسری جانب ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن بھی معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔