فیفا ورلڈکپ 2022؛ مراکش نے 0-2 سے بیلجیئم کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 27 نومبر 2022

دوحہ: قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ 2022 کے گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بیلجیئم کو 0-2 سے دھول چٹا دی۔

قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئےاسٹیج میچ میں مراکش نے مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کیے جب کہ بیلجیئم نے آغاز سے ہی دفاعی اور محتاط انداز اپنایا تاہم مراکش نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 73 ویں منٹ پر میں پینلٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول اسکور کرکے سبقت حاصل کرلی۔

بعدازاں میچ کے آخری لمحات میں مراکشی کھلاڑی زکریہ ابوالخلال نے ایک اور گول کرکے بیلجئیم کی شکست کو یقین میں بدل دیا۔

بیلجیئم نے متعدد بار گول کرنے کی کوشش کی تاہم مخالف کھلاڑیوں اور مراکشی گول کیپر کی بدولت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، مراکش کی جانب سے میچ کا پہلا پینلٹی گول عبدالحامد نے اسکور کیا جب کہ دوسرا گول زکریہ ابوالخلال نے کیا۔

بیلجیئم اور مراکش کے درمیان کھیلے گئے میچ سے متعلق فٹبال ماہرین نے کہا کہ بیلجیئم کا کھیل دیکھ کر ایسا لگ نہیں رہا تھا کہ دنیا کی دوسری بہترین ٹیم کھیل رہی ہے۔

واضح رہے کہ بیلجیئم فٹبال ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے اور اب تک 5 عالمی مقابلے جیت چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔