اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی جوا کھیلنے کی ویڈیو سامنے آگئی

ویب ڈیسک  پير 28 نومبر 2022
ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے متعلقہ ذمہ داروں کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا (فوٹو : فائل)

ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے متعلقہ ذمہ داروں کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا (فوٹو : فائل)

اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی جوا کھیلنے کی ویڈیو سامنے آگئی، ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے متعلقہ ذمہ داروں کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں کرپشن کی کہانیاں منظرعام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے، اب جیل میں قیدیوں کی جوا کھیلنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جنہیں جیلے عملے کی سرپرستی حاصل ہے۔

اطلاعات ہیں کہ قیدیوں کو جوا کھیلنے کی سہولت فراہم کرکے انتظامی اہل کار مبینہ طور پر بہتی گنگنا میں ہاتھ دھونے لگے ہیں، ایکسپریس نیوز نے جیل کی بیرک میں قیدیوں کے جوا کھیلنے کی ویڈیو حاصل کرلی ہے، بیرک نمبر 2 میں قیدیوں کو تاش پر دھڑلے سے جوا کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں قیدیوں کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ چیف جسٹس کے دورے کے بعد سپرنٹنڈنٹ نے جیل کو ٹھیکے پر دے دیا، سب اچھا کے لیے خرچہ دیتے ہیں تو کھیلتے ہیں، سب اچھا کے لیے خرچہ نہ دیں تو کون ہمیں یہاں یہ سب کرنے دے۔

ویڈیو منظرعام پر آنے پر جیل انتظامیہ خاموش ہے۔ ایکسپریس نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ویڈیو ارسال کرکے موقف مانگا تو کہا گیا چیک کرکے بتاتے ہیں لیکن پھر جواب نہ دیا گیا،

دریں اثنا ویڈیو سامنے آنے پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن سعید الله گوندل نے سینٹرل جیل اڈیالہ کے معاملات کا نوٹس لے لیا جس کے بعد قیدیوں کے دھڑلے سے جوا کھیلنے اور مبینہ رشوت کی شکایات پر انکوائری کا آغاز کردیا گیا۔

یہ پڑھیں : ناروا سلوک کی نشاندہی پر تشدد، قیدی کی شکایت پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

شکایات پر ہیڈ وارڈر نفیس خان اور محمد ذوالفقار کو معطل کردیا گیا۔ سینٹرل جیل اڈیالہ میں تعینات ہیڈوارڈر محمد یاسین کو تبدیل کرکے ڈسڑک جیل اٹک رپورٹ کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ جیل میں مبینہ کرپشن و تشدد کے حوالے سے انکوائری جاری ہے۔ حتمی رپورٹ سفارشات کے ساتھ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر ملک کو ارسال کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔